پرکاش پرواورانٹرنیشنل سکھ کنکلیوکاشایان شان انعقاد ہوگا : نتیش

پٹنہ 21 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ گرو گوند سنگھ جی مہاراج کے 350 ویں پرکاش اتسو کا انعقاد شاندار طریقے سے کیا جائے گااوراس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ملک اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔ وزیر اعلیٰ آج ہوٹل موریہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی طرف اس کی تیاریوں میں بہت پہلے ہی جٹ گئی تھی۔ اس سلسلے میں میری سطح پر تین چار میٹنگیں ہوچکی ہیں اور چیف سکریٹری کی سطح پر بھی لگاتار میٹنگوں کا دور جاری ہے جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اسے آخری شکل دیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرکاش پرو کے موقع پر گاندھی میدان میں بھی ایک بڑا پروگرام ہوا جس میں 20 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ بائی پاس کی طرف ٹینٹ سیٹی بنایا جارہا ہے۔ ساتھ ہی اس موقع پر آنے والے لوگوں کی سواریوں کے داخلے اور پارکنگ کا بھی بہترین نظام کیا گیا ہے۔ کنگن گھاٹ پر بھی نظر رکھی جارہی ہے اگر ممکن ہوا تو وہاں بھی ٹینٹ سیٹی بنایا جائے گا ،سبھی چیزوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے تیاری کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پٹنہ میں انٹرنیشنل سکھ کنکلیو کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کنکلیو میں مذہبی رہنما، سیاستداں اور دیگر معزز شخصیتیں شریک ہورہی ہیں۔ 150 سے 200 لوگ اس میں شامل ہونے کیلئے آرہے ہیں۔ کناڈا سے لے کر امریکہ ،برطانیہ ،آسٹریلیا سمیت کئی ملکوں کے لوگ اس میں حصہ لیں گے۔ یہ تین روزہ پروگرام ہے اس میں گرو گوند مہاراج اور ان کے تعلیمات سے متعلق مختلف موضوعات پرڈسکشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گرونانک دیو جی نے بھی بہار کے مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا۔ راجگیر میں جہاں گرونانک دیو جی نے قیام کیا تھا وہاں ٹھنڈے پانی کا کنڈ ہے اس جگہ کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انٹرنیشنل سکھ کنکلیو کا انعقاد ریاستی حکومت کی طرف سے کیا جارہا ہے۔