کامیاب کارروائی کیلئے فوج کو وزیر دفاع کی مبارک باد

نئی دہلی، 29 ستمبر (یو این آئی) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے ) میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب محدود فوجی کارروائی کیلئے ہندستانی فوج کو مبارک باد دی ہے ۔فوج نے کل رات سرحد پار محدود فوجی کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی لانچ پیڈ پر حملہ کیا جس میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔مسٹر پاریکر نے ٹویٹ کرکے کہا ‘کامیاب آپریشن کیلئے ہندستانی فوج کو مبارکباد’۔واضح رہے کہ 18 ستمبر کو جموں و کشمیر کے اڑی سیکٹر میں دہشت گردانہ حملے میں 18 جوانوں کے شہید ہونے کے بعد ملک میں غصہ کا ماحول تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مسٹرپاریکر نے کہا تھا کہ اس حملے کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہندستانی فوج نے کل رات سرحد پار بیٹھے دہشت گردوں کے لانچ پیڈ پر کارروائی کی جس میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ۔