کجریوال نے پنجاب کادورہ شروع کیا ،کسانوں کو لبھانے کی کوشش

لدھیانہ، 8 ؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا ) پنجاب میں آپ کی تشہیر ی مہم کو رفتار دینے کے لیے اپنے چار دن کے دورے پریہاں آئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کسانوں کو قرض اور سودچھوٹ جیسے وعدوں سے لبھانے کی کوشش کی اور حکمران بادلوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجے جانے تک ریاست میں رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔نئی دہلی اور لدھیانہ ریلوے اسٹیشنوں پر بی جے پی، شرومنی اکالی دل اور کانگریس کے کارکنوں کی نعرے بازی پر آپ کے قومی کنوینر نے کہا کہ اس طرح کے منصوبہ بند مظاہروں یا سی ڈی اور الزامات سے ان کی پارٹی جھکنے والی نہیں ہے ۔انہوں نے اس سب کے پیچھے سیاسی حریفوں کی طرف سے سازش رچنے کا الزام لگایا۔انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ پنجاب کے کسان آج بری حالت میں ہیں، وہ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں، ایک وقت وہ تھا جب ملک میں پنجاب کے کسانوں کو خوشحال سمجھا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں آپ اقتدار میں آئے گی تو ریاست کے کسان قرض سے آزاد ہو جائیں گے اور غریب کسانوں کا قرض معاف کر دیا جائے گا۔کیجریوال نے کہاکہ باقی کسانوں کا قرض کا سود معاف کر دیا جائے گا اور دسمبر 2018تک پنجاب کے سارے کسان قرض سے آزاد ہو جائیں گے۔کیجریوال کی پارٹی جلد ہی کسان منشورلانے والی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی میٹنگیں کی ہیں ، لوگوں نے تجاویز دی ہیں اور یہ اس خاکے میں نظر آئے گا۔انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل اور ان کے بیٹے اور نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل پر اپنا حملہ جاری رکھا۔انہوں نے کہاکہ اب میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں پنجاب آ چکا ہوں اور میں یہاں اپنا خیمہ نصب کرکے رہوں گا، جب تک ہم انہیں دھول نہیں چٹا دیتے اور بادلوں کو جیل نہیں بھیج دیتے میں ،پنجاب میں ٹکا رہوں گا اور میں اس جگہ کو چھوڑ کر جانے والا نہیں ہوں ، درمیان میں دو تین دن کے لیے میں دہلی جاؤں گا لیکن جب تک بادلوں کو جیل نہیں بھیج دیتا میں یہاں سے نہیں جاؤں گا۔واضح رہے کہ ان کایہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آپ اپنے پنجاب اکائی کے کنوینر سچا سنگھ چھوٹے پور کو ہٹانے اور دہلی کے وزیر سندیپ کمار کو جنسی اسکینڈل کے الزامات پر ہٹانے سے متعلق کئی طرح کے تنازعات کا سامنا کر رہی ہے۔انہوں نے دعوی کیاکہ پنجاب میں آئندہ دنوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں پچھلی بار جب میں پنجاب آیا تھا اور پہلے کے دورے میں بھی پنجاب کے لوگوں نے مجھے یہ کہتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ الیکشن جب قریب ہوگا تو سکھبیر سنگھ بادل آپ کے خلاف سازش کریں گے۔سی ڈی سامنے آئے گی ، الزامات لگائے جائیں گے، لوگ مظاہرہ کریں گے ۔اب وقت شروع ہو چکا ہے دو تین لوگ آتے ہیں اور کوئی بھی الزام لگا دیتے ہیں۔