کھادی کو نئی نسل میں مقبول بنانے کیلئے اس کی برانڈنگ ہوگی : نتیش

پٹنہ 24ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کھادی کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کھادی کی برانڈنگ بھی کرے گی۔ وزیراعلیٰ سنیچر کو چرخا دیوس کے موقع پر منعقد ایک سرکاری تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھادی کی اہمیت آزادی کی لڑائی سے ہے اس وقت چرخے کی جو اہمیت تھی اسے آپ سب متفق ہیں۔ مہاتما گاندھی نے چرخا کی اہمیت پر زور دیا تھا گاؤں گاؤں کو خود کفیل بنانے کیلئے گاندھی جی نے چرخا کو بڑھاوا دیا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ لو گ سوت کاتیں ، کپڑے بنیں اور ان کا استعمال کریں۔ چرخا کو آزادی کی لڑائی کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی لڑائی کے وقت کپڑوں کی بھی قلت تھی اس لئے چرخا کی تشہیر کر کے لوگوں کو اس کی طرف متوجہ کیا گیا تھا۔ پہلے کپڑوں کی بھی کمی تھی لیکن آج کپڑوں کا کوئی بحران نہیں ہے۔ لیکن آج بھی لوگوں کی دلچسپی کھادی میں بنی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو اکتوبر سے حکومت لوگوں کوکھادی کے ملبوسات پر 10 فیصد کی چھوٹ دینے جارہی ہے۔ کھادی سے لوگوں کا لگاؤ ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گاندھی جی کے سلسلے میں جب بھی بات کرنی ہوتی ہے میں پرانے گاندھی وادیوں سے مشورہ کرتا ہوں۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں گاندھی جی کا سب سے بڑا مجسمہ ہے۔ اس سلسلے میں بھی رضی احمد صاحب اور دیگر گاندھی وادیوں سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھادی صنعت کو فروغ دینے کی ہماری پوری کوشش ہے اس کیلئے عمارت بن رہی ہے۔ شو روم بھی بنائے جارہے ہیں، بازار کو دیکھتے ہوئے کھادی کے کپڑوں کی بار کوڈنگ کی سہولت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بہار کی کھادی کی برانڈنگ ہو اس میں اس کی کوالیٹی ہو ، اس کی تشہیر ہو تاکہ کھادی کپڑوں کی طرف نئی نسل راغب ہو اس کیلئے کھادی کے کپڑوں کا نیا ڈیزائن بھی بنانا ہوگا ۔ ڈیزائننگ کے سلسلے میں محکمہ صنعت کے ذریعہ این آئی ایف ٹی پٹنہ سے معاہدہ کیاگیا ہے۔ نفٹ کھادی کپڑوں کا نیا ڈیزائن بنائے گا اور اس کے بعد اس کی برانڈنگ ہوگی تو کھادی کی مانگ بڑھے گی اور کھادی صنعت سے جڑے لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کھادی کو فروغ دینے کیلئے پالیسی تیار کرنے کیلئے بھی کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دل سے مدد کرنا چاہتے ہیں ، چمپارن ستیاگرہ کے 100 ویں سال کے موقع پر کھادی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ حکومت ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے، کھادی سے جڑے اداروں کو اپنا حوصلہ بلند رکھنا چاہئے۔ ہم کھادی صنعت کو ترقی یافتہ اور خود کفیل بنانا چاہتے ہیں۔