ہر گھر میں بیت الخلاء اور نل کا پانی : نتیش

پٹنہ، 27 ستمبر (اسٹاف رپورٹر) بہار کی نتیش حکومت نے سب کو نل کا پانی اور ٹوائلٹ (بیت الخلاء) فراہم کرنے کے عزائم پر عمل کی کوششوں کے تحت آج اپنے ‘ سات عزائم’ میں سے دو ‘ہر گھر میں نل کا پانی’ اورشوچالیہ کانرمان، گھر کا سمان ‘ منصوبے کا آغاز کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیرا علیٰ نے کہا کہ “ہر گھر میں نل کا پانی” اسکیم کے تحت سال 20-2019 تک ریاست کے تمام گھروں تک نل کے ذریعے مفت اور خالص پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی کھلے میں رفع حاجت کرنے سے ہونے والی بیماریوں سے لوگوں کو نجات دلانے میں” ٹوائلٹ کی تعمیر، گھر کا احترام” منصوبہ کافی مددگار ثابت ہوگا۔ مسٹر نتیش کمار نے لوہیا سوچھ بہار کے تحت دونوں عزائم کو ہمہ گیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا دائرہ کافی وسیع ہے اور انہیں کسی خاص طبقے کو ذہن میں رکھ کر تیار نہیں کیا گیا ہے ۔ ان منصوبوں کا فائدہ خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر نے والے (بی پی ایل) اور خط افلاس سے اوپر زندگی بسر کر نے والے (اے پی ایل) کنبوں کو یکساں طور پر مل جائے گا۔ وزیر اعلی نے ہر گھر نل کے پانی کے منصوبے پر عمل درآمد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہری علاقے میں اس کے کامیاب نفاذ کی ذمہ داری شہری ترقی محکمہ کو دی گئی ہے ، جبکہ دیہی علاقوں میں اسے پنچایتی راج محکمہ کے ساتھ ہی عوامی صحت محکمہ کی طرف سے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ خراب معیار کے پانی کے مسئلے سے دو چار دیہی علاقوں میں اس کا نفاذ کرنے کی ذمہ داری عوامی صحت اور حفظان صحت محکمہ کی ہے جبکہ صاف پانی والے علاقوں میں اس عمل کی ذمہ داری پنچایتی راج محکمہ کی ہوگی۔مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت ہر شخص کو 135 لیٹر پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ پینے کے پانی کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے منصوبے کو نافذ کرنے میں مال کی دستیابی کے حوالے سے کہا کہ اس کے لئے سرمایہ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔سال 2016 اور اس کے بعد چار سال کے دوران جتنے سرمایہ کی ضرورت ہو گی، اس کا بندوبست کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چار سٹی کونسل اور 81 شہر پنچایت کے کل 1،438 وارڈوں میں 4،83،704 خاندانوں کو نل کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے 519.17 کروڑ روپے کی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ اس فیصلہ کو نافذ کرنے کے ساتھ اس سے پہلے کے منصوبے بھی چلتے رہیں گے ۔ گاؤں میں دستی ٹیوب ویل لگانے ، اس کی نگرانی اور دیکھ بھال پہلے کی ہی طرح جاری رہے گی۔ انہوں نے ریاست میں اس سال ہونے والے آتشزدگی کے واقعات کے تناظر میں دیہی علاقوں میں پانی کی دستیابی برقرار رکھنے کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے حکومت تمام عوامی کنویں کی مرمت کرائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ’ بیت الخلا کی تعمیر۔گھر کا احترام’ منصوبہ کے تحت حکومت ہرگھر کو 12 ہزار روپے کی گرانٹ دے گی۔ ٹوائلٹ کا کام شروع کرنے کے لئے آرٹی جی ایس کے ذریعے حکومت کی جانب سے 7،500 روپے اہل افراد کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے جائیں گے اور ٹوائلٹ کی تعمیر مکمل ہونے پر انہیں 4،500 روپے دیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018-19 تک 7،09،978 بیت الخلاء کی تعمیر کے لئے 851.97 کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت شہر ی اداروں کو 241.87 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ جن کے پاس ٹوائلٹ تعمیر کے لئے کافی جگہ نہیں ہوگی، ان کے لئے حکومت کمیونٹی بیت الخلاء کی تعمیر کرائے گی اور اس کی صفائی کی ذمہ داری بھی ان کو سونپی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹوائلٹ تعمیر کرنے سے بیماریوں سے نجات نہیں ملے گی بلکہ لوگوں کو کھلے میں رفع حاجت کرنے سے روکنے کے لئے بیداری مہم بھی چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد اگلے چار سے پانچ سالوں میں بہار کو کھلے میں رفع حاجت کرنے کے مسئلے سے سوفیصد نجات دلانا ہے ۔