ہماری منشا ہے کہ ریاست میں لوگ خوب پڑھیں اور بڑھیں : اکھلیش

لکھنؤ11 ستمبر (ایجنسی): راجدھانی میں اتوار کو سی ایم اکھلیش یادو نے ممتاز ڈگری کالج میں اساتذہ کو اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی پر پانچ وزرائے اعلیٰ کا الزام لگانے والی پارٹی کے پاس ایک بھی شخص سی ایم کے لائق نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اساتذہ کی سہولیات اور ان کی سماجی وقار میں اضافہ کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں بھی ایک ٹیچر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ریاستی وزیر ابھیشیک مشرا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری کابینہ کے سب سے زیادہ تعلیم یافتہ وزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنی حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کو ختم کرنے کیلئے قبرستانوں کی باؤنڈری کرائی ،بڑے پیمانے پر پی سی ایس ، پی پی ایس کو پرموٹ کیا جو آزادی کے بعد کا سب سے بڑا پروموشن ہے۔ انہوں نے کاہ کہ مذہبی مقامات کیلئے ہماری حکومت نے بجلی مہیا کرائی ہے ۔ انہوں نے حکومت کے اگلے منصوبوں کے حوالہ سے کہا کہ بہت جلد چار ہزار مزید نوکریوں کیلئے ویکنسی نکالی جائے گی۔ ہماری منشا ہے کہ ریاست کے لوگ خوب پڑھیں ،خوب بڑھیں۔