ہندستان 500 ویں ٹیسٹ میں تاریخی جیت کی دہلیز پر

کانپور، 25 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان گرین پارک میں اپنے 500 ویں ٹیسٹ میں تاریخی جیت کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے ۔ہندستان نے اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹ پر 377 رن پر ڈکلئیر کرنے کے بعدنیوزی لینڈ کے سامنے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن اتوار کو 434 رنز کا مشکل ہدف دیا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم کے چار بلے باز 93 رن کے اسکور تک نمٹا دئے ہیں ۔آف اسپنر روی چندرن اشون نے نیوزی لینڈ کو ان چار میں سے تین جھٹکے دیے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے 200 وکٹ بھی پورے کر لیے ۔نیوزی لینڈ کو اب 341 رنز بنانے ہیں جبکہ ہندستان کو اپنے 500 ویں ٹیسٹ میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے لئے چھ وکٹ کی اور ضرورت ہے ۔اشون نے پہلی اننگز میں چار وکٹ حاصل کئے تھے اور دوسری اننگز میں وہ اب تک تین وکٹ لے چکے ہیں۔انہوں نے چائے کے وقفہ سے پہلے نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنروں مارٹن گپٹل اور ٹام لاتھم کو نمٹا دیا۔اشون نے مارٹن گپٹل کو سلی پوائنٹ پر مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ کرایا اور اسی اوور میں ٹام لاتھم کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔نیوزی لینڈ نے اپنے دونوں وکٹ اننگز کے چوتھے اوور میں گنوائے ۔گپٹل کھاتہ نہیں کھول سکے جبکہ لاتھم نے دو رنز بنائے ۔ہندستانی آف اسپنر نے چائے کے وقفہ کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن (25) کو ایل بی ڈبلیو کر کے مہمان ٹیم کو زبردست جھٹکا دیا اور اپنے 200 وکٹ پورے کئے ۔نیوزی لینڈ کا تیسرا وکٹ 43 کے اسکور پر گرا۔نیوزی لینڈ ابھی اس جھٹکے سے نکل بھی نہیں پایا تھا کہ راس ٹیلر امیش یادو کے ڈائیریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے ۔ٹیلر نے 17 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کا چوتھا وکٹ 56 کے اسکور پر گرا۔لیوک رونچی اور مشیل سیٹنر نے اس کے بعد سنبھل کر کھیلتے ہوئے دن کا باقی کھیل بغیر کوئی اور نقصان کے نکال دیا۔اسٹمپ کے وقت رونچی 38 رن اور سیٹنر آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے ۔اشون نے 16 اوور میں 68 رن دے کر تین وکٹ لئے ۔اس سے پہلے ہندستان نے مرلی وجے (76)، چتیشور پجارا (78)، اجنکیا رہانے (40)، روہت شرما (ناٹ آؤٹ 68) اور رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 50) کی شاندار اننگز کی بدولت اپنی دوسری اننگز چائے کے وقفہ سے پہلے پانچ وکٹ پر 377 رنز بنا کر ڈکلئیرکر دی۔کپتان وراٹ کوہلی نے جڈیجہ کی نصف سنچری مکمل ہوتے ہی اننگز ڈکلیئر کردی۔ہندوستان نے صبح ایک وکٹ پر 159 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔وجے نے 64 اور پجارا نے 50 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔وجے نے 170 گیندوں پر 76 رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا،پجارا نے 152 گیندوں پر 78 رنز میں 10 چوکے ، رہانے نے 81 گیندوں پر 40 رنز میں چار چوکے ، روہت نے 93 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 68 رنز میں آٹھ چوکے اور جڈیجہ نے 58 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 50 رنز میں دو چوکے اور تین چھکے اڑایے ۔ہندوستان نے صبح جب اپنی اننگز کو آگے بڑھایا تو اسے دوسرا جھٹکا 185 کے اسکور پر لگا۔وجے کو لیفٹ آرم اسپنر مشیل سیٹنر نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔کپتان وراٹ کوہلی دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے ۔وراٹ 40 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنانے کے بعد آف اسپنر مارک کریگ کا شکار بن گئے ۔وراٹ نے پہلی اننگز میں نو رن بنائے تھے ۔ہندستان کا تیسرا وکٹ 214 کے اسکور پر گرا۔ہندستان کے کھاتے میں 14 رنز اور بنے تھے کہ پجارا بھی آؤٹ ہو گئے ۔پجارا نے لیگ اسپنر ایش سوڈھی کی گیند پر ٹیلر کو کیچ تھما دیا۔ہندستان کا چوتھا وکٹ 228 کے اسکور پر گرا۔نیوزی لینڈ نے 43 رنز کے وقفے میں تین وکٹ لے کر میچ میں واپسی کرنے کی کوشش کی لیکن رہانے اور روہت نے پانچویں وکٹ کے لئے 49 رن جوڑ کر ہندستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔رہانے 40 رنز بنانے کے بعد سیٹنر کی گیند پر ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے ۔ہندستان نے پانچواں وکٹ 277 کے اسکور پر گنوایا۔اس کے بعد روہت اور جڈیجہ نے چھٹے وکٹ کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری میں 100 رن جوڑ ڈالے ۔روہت نے اپنی اننگز کا 19 واں رن بنانے کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کر لیے ۔روہت اپنے 19 ویں ٹیسٹ میں اس کامیابی پر پہنچے ۔روہت نے اپنی پانچویں نصف سنچری بنائی جبکہ جڈیجہ نے اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ جڈیجہ نے اپنی اننگز میں اپنے تینوں چھکے سوڈھی کی گیندوں پر اڑایے ۔جڈیجہ نے ایک رن لے کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور بیٹ اٹھا کر شائقین کی داد قبول کی ۔ وراٹ نے اسی وقت ہندوستان کی دوسری اننگزکو 377 کے اسکور پر ڈکلئیرکر دیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے سیٹنر نے 32.2 اوور میں 79 رن پر دو وکٹ، سوڈھی نے 20 اوور میں 99 رن پر دو وکٹ اور کریگ نے 23 اوور میں 80 رن پر ایک وکٹ لیا۔