یوپی میں شراب بندی کیلئے عوامی بیداری ضروری : نتیش

دیوریا 18 ستمبر (ایجنسی): بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج یہاں شراب بندی کیلئے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو آگے آنے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کو اس مہم کا بیڑا اٹھانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی طرح اترپردیش میں شراب بندی کیلئے لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست میں 2017 کے اسمبلی انتخابات میں اپنی مضبوط موجودگی درج کرانے کیلئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج یہاں پتھردیوا میں جدیو کے گورکھپور ڈویژن کارکنان کانفرنس میں شامل ہونے کیلئے پہنچے تھے۔ بہار میں شراب بندی کے مدعے پر ملی کامیابی کے بعدوزیراعلیٰ نتیش ریاست بہار سے متصل مشرقی اترپردیش میں اپنی پارٹی جدیو کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ اس لحاظ سے اس کانفرنس کو اہم مانا جارہا ہے۔واضح ہوکہ دیوریا پہنچنے سے قبل وزیراعلیٰ بہار میں سیلاب اور کٹاؤ کا ہوائی جائزہ لیتے ہوئے گوپال گنج پہنچے ۔ اس کے بعد دیوریا آئے ،دیوریا کے بعد وزیراعلیٰ بہار کشی نگر میں بھگون بدھ کے مندر گئے اس کے بعد پھر گوپال گنج لوٹ گئے ہیں۔گوپال گنج میں کل 19 ستمبر کو امبیڈکر بھون میں شراب بندی کے حوالہ سے منعقد جیویکا کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔اور وہیں سے پٹنہ لوٹ جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ 6 ستمبر کو کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی دیوریا کے پچ لکڑی سے ہی دہلی تک مہایاترا کی شروعات کی تھی۔ اس کے دو دنوں قبل بھاجپا لیڈر اور مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ ایک برسی پروگرام کے بہانے یہاںآئے تھے۔