اردو | हिन्दी | English
119 Views
Politics

اکثریت ملنے پر وزیر اعلی کیلئے اکھلیش کی امیدواری طے: شیوپال

shivpal
Written by Tariq Hasan

بلیا، 16 اکتوبر (یواین آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے کنبہ میں جاری رسہ کشی کے درمیان پارٹی کے ریاستی صدر شیو پال سنگھ یادو نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو واضح اکثریت ملنے پر وزیر اعلی کے عہدے کے لئے اکھلیش یادو کے نام کی تجویز کی بات کہہ کر تنازعہ کو ہلکا کرنے کی پہل کی ہے ۔ ریاستی صدرنے آج یہاں چتبڑاگاوں میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ اسمبلی انتخابات جیتنے پر وہ وزیر اعلی کے عہدے کے لئے اکھلیش یادو کے نام کی تجویز رکھیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رام گوپال پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ہیں۔ وہ قومی صدر کو خط لکھ کر تجویز دے سکتے ہیں۔ اس سے پہلے پھیپھنا اسمبلی حلقہ کے کارکنوں کے اجلاس میں انہوں نے نوکر شاہوں پر جم کر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے نوکر شاہوں کو ٹھیک کیا ہے ۔ اب بھی بہت ایسے ہیں جن کو ٹھیک کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس (آئی اے ایس) اور انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے افسران ساری سہولتیں لینے کے بعد بھی اپنی صلاحیتوں کا استعمال تعمیری کام کے لئے نہ کرکے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 کے اسمبلی انتخابات جلد ہونے والے ہیں ۔ کبھی بھی ضابطہ اخلاق نافذ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) اور اکھلیش حکومت کی طرف سے کئے گئے تاریخی کاموں کے بارے میں عوام کے درمیان جا کر بتائیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوامی نمائندوں کو نصیحت دی کہ وہ عوام کے خدمت گار کی حیثیت سے کام کریں۔

About the author

Tariq Hasan