اردو | हिन्दी | English
321 Views
Education

مہاتما گاندھی سنٹرل یونیورسٹی کے پہلے تعلیمی سیشن کا افتتاح

motihari
Written by Tariq Hasan

موتیہاری، 04 اکتوبر (محمد ارشد): چمپارن ستیاگرہ کے ہیرو مہاتما گاندھی کی یاد میں مشرقی چمپارن ضلع کوارٹر موتیہاری میں کھولے گئے مہاتما گاندھی سنٹرل یونیورسٹی کے پہلے تعلیمی سیشن کا افتتاح منگل کو مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاوڈیکر اور وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے مشترکہ طور سے شمع روشن کر کے کیا۔ اس کے ساتھ ہی چمپارن میں سنٹرل یونیورسٹی کھولنے کا لوگوں کا دہائیوں پرانا مطالبہ پورا ہوگیا۔ محکمہ فروغ انسانی کے وزیر مملکت اوپندر کشواہا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شیوہر کی رکن پارلیمنٹ رما دیوی ،مغربی چمپارن کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال ، مقامی ایم ایل اے پرمود کمار اور رکن کونسل ببلو گپتا سمیت کئی عوامی نمائندے ،یونیورسٹی کے وائس چانسلر پہلے سیشن میں داخلہ لینے والے اسٹوڈنٹس اور چمپارن کی معزز شخصیتیں موجود تھیں۔ کلاسز فی الحال ضلع اسکول احاطہ میں چلیں گے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے میدان عمل چمپارن میں ان کے نام سے یونیورسٹی کھولنے سے چمپارن ستیاگرہ کی یاد بھی محفوظ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چمپارن ستیاگرہ کی صد سالہ تقریب میں یونیورسٹی کا کھلنا ایک اچھی بات ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے طلبا سے کہا کہ وہ یہاں سے تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں گے اس کی پوری امید ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے یونیورسٹی کے قیام کیلئے کی گئی کوششوں کا ذکر کیا اور یونیورسٹی کیلئے بس سروس شروع کرنے کیلئے وائس چانسلر کو اپنی طرف سے ایک کروڑ کا چیک سونپا۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں زراعت کی فیکلٹی بھی کھولی جائے گی۔

About the author

Tariq Hasan