آخری میچ میں ٹیم اعتماد کے ساتھ اترے گی : گپٹل

رانچی، 27 اکتوبر (یواین آئی) نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز مارٹن گپٹل نے کہا ہے کہ پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم اب پورے اعتماد کے ساتھ اترے گی اور سیریز پر قبضہ کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے جیت کے ہیرو رہے گپٹل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ رانچی کے جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے میدان پر ٹیم کو جو کامیابی ملی ہے اس سے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کا وکٹ سست تھا اور گیندبازی کے لئے بھی یہ مشکل وکٹ تھا۔ گپٹل نے کہا، “اس جیت کے بعد پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 2-2 کی برابری پر آ گئی ہے اور اب آخری میچ میں سیریز کا فیصلہ ہوگا۔”واضح رہے کہ گپٹل نے ہندوستان کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں 12 چوکوں کی مدد سے 72 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور ٹیم کی جیت میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ جس کے لئے انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔