اتراکھنڈ کیلئے خصوصی ریاست کا درجہ ضروری : راوت

نئی دہلی، 18 اکتوبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ہریش راوت نے وزیر اعظم نریندر مودی سے آج درخواست کی کہ ریاست میں حالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں اور حالات پہلے جیسے ہی ہیں اس لئے اس کا خصوصی ریاست کا درجہ بحال کیا جانا چاہئے ۔مسٹر راوت نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا کہ 14 ویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر مرکزی حکومت نے جن حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اتراکھنڈ کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا تھا، ان حالات میں ابھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ حالات پہلے کی طرح ہی ہیں، اس وجہ سے اتراکھنڈ کو ملنے والے خصوصی ریاست کا درجہ بحال کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی 70 فیصد اراضی ناقابل رسائی اور جنگلات والا پہاڑی علاقہ ہے اور اس کے پاس اب بھی وسائل محدود ہیں۔ان سب حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کو دوبارہ اتراکھنڈ کو خصوصی ریاست کا درجہ دینا چاہئے ۔