اشیائے خوردنی کو بربادی سے بچانا سب کیلئے ضروری : راوت

دہرادون16 اکتوبر (ایجنسی): بین الاقوامی فوڈ ڈے کے موقع پر آئی ایچ ایم میں منعقد پروگرام میں سی ایم ہریش راوت نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے آئی ایچ ایم کے طلبا کے ذریعہ بنائے گئے 30 فٹ لمبا سینڈ ویچ کا بھی اجرا کیا۔ اس کے ساتھ ہی آئی ایچ ایم احاطہ واقع ہربل گارڈن میں وزیراعلیٰ نے ادویاتی پودے لگا کر اس کا افتتاح کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم ہریش راوت نے کہا کہ آج کا دن عہد کا دن ہے۔ ملک ،سماج اور دنیا میں کوئی بھوکا نہ رہے اور سبھی کو تغذیہ سے بھرپور کھانا ملے۔ اس کیلئے عہد کریں کہ اشیائے خوردنی کی بچت کریں گے۔ اشیائے خوردنی کی بربادی کو روکنا سب کیلئے ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کسانوں کی خدمات کو یاد کرکے ان کی بہتری کیلئے عہد کرنے کی بھی بات کہی۔ سی ایم ہریش راوت نے آئی ایچ ایم کے طلبا کے ذریعہ بنائے گئے سینڈ ویچ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ طلبا نے اتنا بڑا سینڈ ویچ بناکر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ بھوک مٹانے اور لوگوں کو تغذیہ سے بھرپور کھانا دینے کیلئے پابند عہد ہیں۔ سی ایم نے امید جتائی کہ یہ سینڈ ویچ بھی گنیج بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنائے گا۔