اکشے کمار اپنے پہلے پروڈیوسر کی مدد کیلئے آگے آئے

ممبئی،۲۱؍اکتوبر(پی ایس آئی) رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کو بولی وڈ میں لانے والے پروڈیوسر روی شری واستو کے گردے فیل ہونے کی وجہ شدید بیمار ہیں، اگرچہ اکشے کمار کی پہلی فلم سوگندھا کیساتھ تھی مگر یہ شری واستو تھے جنہوں پہلی بار اپنی فلم دورپال کیلئے سائن کیا تھا۔تاہم 1991 میں چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر فلم ریلیز نہ ہوسکی۔ جس کی وجہ سے روی شری واستو مالی مشکلات کا شکار ہوگئے کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی اس پر لگا دی تھی اور اس کے بعد بھی انہوں نے کچھ زیادہ نہیں کیا۔اب ان کے گردے خراب ہوچکے ہیں اور وہ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ روی شری واستو نے بتایا کہ انہوں نے اکشے کمار سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی مگر اکشے نے کوئی جواب نہیں دیا۔ روی نے بتایا کہ انہوں نے آرٹسٹ یونین اور آئیایم پی پی اے سے رابطوں کی کوشش بھی کی مگر کسی جانب سے جواب نہیں ملا۔یہ خبریں جب اکشے کمار تک پہنچیں تو اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اکشے نے ٹوئیٹ کی کہ میری ٹیم نے ان سے رابطہ کرلیا ہے اور اب ہم ان کا خیال رکھ رہے ہیں۔اکشے کمار نے مہاراشٹر کے کسانوں کی مہم کیلئے بھی امداد دی تھی۔حال ہی میں اداکار نے شہیدوں کے خاندانوں کی مدد بھی کی ہے، اب اداکار نے اپنے پہلے پروڈیوسر کی درخواست پر بھی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔