اکھلیش بی جے پی ووٹ بینک میں سیندھ ماریں گے

لکھنؤ20 اکتوبر(ایجنسی): اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ملائم سنگھ یادو ایک طرف مسلم ووٹروں کو رجھانے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف اکھلیش یادو ہندوتو کی سیاست کررہے ہیں۔ اجودھیا میں دھرم شالہ اور کرتن کی جگہ بنوانے اور سماجوادی شرون یاترا کے ذریعہ دیو استھلوں کا دورہ کرنے کے پیچھے اکھلیش کی سوچ یہی ہے کہ کسی طرح بی جے پی ووٹروں میں سیندھ ماری جائے۔ کہا جاتا ہے کہ اکھلیش یادو بی جے پی ووٹرس میں سیندھ لگا کر اور ووٹوں کو پولرائزیشن روک کر انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اکھلیش پوری طرح سے بی جے پی پر حملہ آور دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس کا بلو پرنٹ تیار کر کے اس پر کام کرنا بھی شروع کردیا ہے۔ اکھلیش لوک سبھا انتخاب کے بعد سے ہی بی جے پی ووٹروں پر نظر جمائے ہوئے ہیں۔ اکھلیش نے اس وقت سے ہی اس کا خاکہ تیار کرنے کاکام شروع کردیا تھا جس میں سماجوادی شرون یاترا کے ذریعہ 60 سال کے بزرگوں کو ہر مہینے چاروں د ھام کی یاترا مفت کرانا شامل ہے۔