بہار میںآج سے نیا شراب بندی قانون

پٹنہ یکم اکتوبر (یو این آئی) بہار میں گاندھی جینتی کے موقع پر کل سے نیا شراب بندی قانون نافذ کر دیا جائے گا۔وزیر اعلی نتیش کمار کی صدارت میں کل ریاستی کابینہ کی ہونے والی میٹنگ میں گاندھی جینتی کے موقع پر ریاست میں مکمل شراب بندی نافذ کئے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مسٹر کمار پہلے ہی گاندھی جینتی کے موقع پر دو اکتوبر کو شراب بندی کانیا قانون نافذ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ریاستی کونسل کی کل کی میٹنگ میں اسی تجویز پر فیصلہ کیا جائے گا۔ریاست کے پرنسپل ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل للت کشور نے بتایا کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کا نئے شراب بندی قانون پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ریاست میں دو اکتوبر سے نافذ ہونے والا شراب بندی کا نیا قانون مؤثر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مکمل شراب بندی نافذ رہے گی۔پٹنہ ہائی کورٹ کا کل فیصلہ آنے کے بعد پورے دن شراب بندی پر شک و شبہ بنا رہا۔ اس کے بعد ریاست کے پرنسپل ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل للت کشور، رجسٹریشن، ایکسائز اور شراب بندی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری عامر سبحانی اور چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ سمیت کئی سینئر افسران کی میٹنگ ہوئی۔میٹنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے شراب بندی کے نئے قانون پر اثر نہیں پڑے گاکیونکہ عدالت نے ریاست میں موجودہ شراب بندی قانون پر فیصلہ دیا ہے ۔