بی جے پی یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے فراق میں : برنداکرت

وجئے واڑہ۔ 14اکتوبر( یواین آئی ) سی پی آئی ایم کی رکن پولیٹ بیورو برنداکرت نے آج الزام لگایا ہے کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت طلاق ثلاثہ کے مسئلہ کا استعمال کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ لانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے وجے واڑہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلاق ثلاثہ کا نظریہ یکطرفہ ہے ۔ جس سے خواتین سے ناانصافی ہورہی ہے ۔ طلاق ثلاثہ کا نظام کسی بھی ملک میں نہیں ہے ۔ انہوں نے اس کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔سی پی ایم کی سینئر لیڈر نے کہا کہ طلاق ثلاثہ اور یکساں سیول کوڈ دو علحدہ مسائل ہیں اور انہیں یکجا نہیں کرنا چاہئے ۔ طلاق ثلاثہ کو علحدہ طور پر نمٹنا چاہئے ۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے حالیہ ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس سربراہ گاوسمرکشھک کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس اور اس سے ملحقہ تنظیموں نے گایوں کے تحفظ کی شکل میں دلتوں اور مسلمانوں کا قتل کرتے ہوئے دہشت پھیلائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آندھراپردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے بھیماورم میں ہیں جہاں انہوں نے ایکوافوڈ پارک کے قیام کی مخالفت میں کسانوں کی جانب سے شروع کردہ احتجاج میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت من مانی طور پر احتجاجی کسانوں کو دبارہی ہے ۔اگر ایکوافوڈ پاررک قائم کیا گیاتو اس سے پورے علاقہ میں آلودگی پھیلے گی ۔ لاکھوں کسان اور ماہی گیر متاثر ہوں گے ۔ نریندر مودی زیرقیادت حکومت کسانوں کے خلاف سرجیکل اسٹرائک کررہی ہے ۔انہوں نے مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ چندرابابونائیڈو بھی موافق کارپوریٹ اور مخالف کسان پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے مودی کی راہ پر عمل کررہے ہیں۔