ثانیہ رینکنگ میں مسلسل 80ویں ہفتے نمبر ون

نئی دہلی، 19 اکتوبر (یواین آئی ) ٹاپ ٹینس ڈبلز کھلاڑی ہندوستان کی ثانیہ مرزا کا بھلے ہی اپنی سابق جوڑی دار سوئزرلینڈ کی مارٹنا ھنگس سے ساتھ چھوٹ گیا ہے لیکن اس جوڑی نے مسلسل 80 ویں ہفتے اپنی نمبر ون ڈبلس رینکنگ برقرار رکھی ہے ۔حیدرآباد کی ثانیہ سے اوپر صرف مارٹینا نوراتلووا (181 ہفتے )، کارا بلیک (145 ہفتے ) اور لیجل ھیبر (134 ہفتے ) ہی ہیں جو اتنے طویل عرصے تک نمبر ون رہیں۔ 29 سالہ ثانیہ کے کل 8885 پوائنٹس ہیں اور وہ چوٹی پر برقرار ہیں جبکہ ا ن کی سابق جوڑی دار ھنگس کے 8560 پوائنٹس ہیں۔واضح رہے کہ ثانیہ۔ھنگس کی جوڑی نے ایک ساتھ کھیلتے ہوئے کافی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے ایک سال میں بطور ڈبلز کھلاڑی 13 خطاب جیتے ہیں جس میں مسلسل 41 جیت بھی شامل ہیں۔