ثانیہ مرزا مسلسل دوسرے سال بنی نمبر ون

نئی دہلی، 31 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا ڈبلیوٹی اے فائنلس میں اپنے خطاب کا دفاع تو نہیں کر سکیں لیکن وہ مسلسل دوسری مرتبہ سال کا اختتام دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی کے طور پر کریں گی۔ثانیہ اور سوئزرلینڈ کی مارٹینا ھنگس کی جوڑی ڈبلیوٹی اے فائنلس کے سیمی فائنل میں شکست کھا گئی تھیں جس سے وہ سال کے آخری ڈبلیوٹی اے ٹورنامنٹ میں اپنے خطاب کا دفاع نہیں کر سکی تھیں لیکن ڈبلیوٹی اے کی رینکنگ میں وہ چوٹی پر برقرار ہیں اور مسلسل دوسرے سال خواتین ڈبلز کی رینکنگ میں بطور نمبر ون ٹینس کھلاڑی سال کا اختتام کریں گی۔سابق چیمپئن ثانیہ اور ھنگس سیمی فائنل میں کیتھرین ماکارووا اور ایلینا ویسنینا کی جوڑی سے ہار گئی تھیں۔ ثانیہ کے ڈبلیوٹی اے رینکنگ میں 8135 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ ان کی جوڑی دار ہنگس سال کا اختتام چوتھے نمبر پر کریں گی،ھنگس اور ثانیہ ایک ساتھ چوٹی کی رینکنگ پر تھیں لیکن حال ہی میں سوئس کھلاڑی رینکنگ میں نیچے پھسل گئی تھیں۔ دوسرے نمبر پر فرانس کی کیرولین گارسیا اور کرسٹینا ملودنووچ ہیں۔ثانیہ نے ٹوئٹر پر بھی نمبر ون رہنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا “مسلسل دوسرے سال نمبر ون بننا اعزاز کی بات ہے ۔” ہندوستانی ٹینس کھلاڑی نے اس سال ھنگس کے ساتھ آسٹریلین اوپن اور باربورا سٹرائی کووا کے ساتھ سنسناٹی ماسٹرس خطاب جیت لیا ہے ۔ وہ اگست میں ھنگس سے الگ ہو گئی تھیں اور چیک جمہوریہ کے باربورا کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔دوسری طرف مردوں کی ڈبلز رینکنگ میں روہن بوپنا اپنے 22 ویں مقام پر برقرار ہیں جبکہ لینڈر پیس ایک جگہ گر کر 56 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔ مردوں کی سنگلز کی رینکنگ میں ساکیت منیني 10 مقامات اٹھ کر 193 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور چوٹی کے 200 سنگلز کھلاڑیوں میں ہندوستان کے بہترین رینکنگ کھلاڑی ہیں۔