جرائم سے نمٹنے کیلئے تمام عصری ٹکنالوجی کا استعمال ضروری : جیٹلی

حیدرآباد28اکتوبر(یواین آئی)مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ سماج میں بدلتے جرائم کی روک تھام کے لیے تمام عصری ٹکنالوجی سے لیس اوزار کے استعمال کی ضرورت ہے ۔سردار پٹیل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں 44ہفتے طویل تربیت مکمل کرنے والے آئی پی ایس پروبیشنرس سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ آج کے جرائم کی نوعیت سماج کے لئے چیلنج سے بھر پور ہے اور دہشت گردی آج کے دور میں سماج کے لیے ایک بڑی لعنت ہے ۔ایسے چیلنج سے بھرے جرائم کو روکنے کے لیے ہمیں تمام عصری ٹکنالوجیز کا استعمال کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جرائم میں نئے شعبے ابھر رہے ہیں جن میں سائبر جرائم اورنارکوٹکس بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام جرائم کا تفصیلی طورپر تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے ۔جیٹلی نے پولیس پیشہ وروں سے خواہش کی کہ وہ ابھرتے ہوئے جرائم کے واقعات کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تربیت دیں۔انہوں نے آئی پی ایس پروبیشنرس پر زور دیا کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران انسانیت،رحم دلی اور ذمہ داری سے کام لیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کرنے کے دوران ہمیشہ اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو غیرجانبدار ہونا چاہئے ۔ انسانی ہمدردی اور اہلیت کی بنیاد پر پولیس افسروں کو پرکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کی خدمات کے دوران کئی مواقع پر یہ تربیت حاصل کرنے والے اپنے آپ کو مشکل راہ پر پائیں گے ۔ تاہم زندگی کے بنیادی اصولوں کو یاد رکھنے سے آپ اس صورتحال سے نکل سکیں گے ۔ انہوں نے پروبیشنرس کو مشورہ دیا کہ جب کبھی وہ داخلی جدوجہد میں خود کوپائیں ‘ تو اس بات کا فیصلہ کریں کہ اخلاقیات کہاں ہیں ۔ پاسنگ اوٹ پریڈ میں جملہ109پروبیشنرس نے حصہ لیا جن میں26خواتین ‘ 15بیرونی عہدیدار شامل ہیں جنہوں نے 45ہفتوں کی بنیادی تربیت کی تکمیل کی ۔ ان 15بیرونی افسروں میں 6کا تعلق بھوٹان پولیس’ 5کا نیپال پولیس اور 4کا مالدیپ سے ہے ۔ قبل ازیں جیٹلی نے سلامی لی اور رنگارنگ پریڈ کاجائزہ لیا۔انہوں نے بہتر مظاہرہ کرنے والے پروبیشنرس کو میڈلس اور ایوارڈز بھی دیئے ۔پروبیشنرس کی پاسنگ آوٹ میں شرکت سے پہلے مرکزی وزیر نے اکیڈیمی کامپلکس میں سردار پٹیل کو بھرپورخراج پیش کیا۔اپنے افتتاحی خطاب کیا۔