جھارکھنڈ کے ہربلاک میں آئی ٹی آئی کھولے جائیں گے: رگھوور

دیوگھر 05 اکتوبر (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ ریاست کے نوجوانوں کو ہنر مند اور ان کے اسکلڈ ڈیولپمنٹ کیلئے سبھی بلاکوں میں صنعتی تربیتی مراکز کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں اب تک 32 نئے آئی ٹی آئی کھولنے کو منظوری دے چکی ہے۔ پہلے ان کی تعداد صرف 14 تھی ۔ وزیراعلیٰ آج دیو گھر ضلع کے مدھوپور کے چکناری گاؤں میں آئی ٹی آئی کے نئے سیشن کا افتتاح کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پانچ آئی آئی ٹی کا آن لائن افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر مقیم ہندستانی جھارکھنڈ آنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے ہمیں نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا تاکہ ان کا مناسب امپلائمنٹ ہوسکے۔ انہوں نے لوگوں کو ریاست میں دفاعی یونیورسٹی قائم کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس کے توسط سے ریاست میں ہنر مندانسانی وسائل کو فروغ دیا جائے گا۔ ریاست کے نوجوانوں کو خصوصی یونیورسٹی اہل بنائے گی۔ تاکہ عالمی اقتصادی پس منظر میں ریاست کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے ریاست کو آگے لے جاسکیں۔