خاتون فٹ بال کھلاڑی کا ڈینگو سے انتقال

وارانسی، 19 اکتوبر (یواین آئی) اترپردیش کی پہلی بین الاقوامی خواتین فٹبال کھلاڑی پونم چوہان کا ڈینگو کے سبب یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 28 سال کی تھیں۔ پونم کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے ڈینگو کے بخار میں مبتلا تھیں اور کل رات اچانک ان کے پلیٹ لیٹس میں کمی آنی شروع ہو گئی جس کے بعد دیر رات ان کا انتقال ہو گیا۔ پونم اتر پردیش کی پہلی بین الاقوامی فٹبال کھلاڑی تھیں اور سال 2010 میں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ فاتح ہندوستانی ٹیم کاحصہ تھیں ۔ خاتون کھلاڑی پانچ بار اتر پردیش کی ٹیم کی کپتان بھی رہیں اور اس وقت وارانسی کے سگرا اسٹیڈیم میں ٹرینر تھیں۔ خاتون کھلاڑی کے کوچ مشتاق علی نے نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کیا ہے ۔