سبھی کیلئے قانون برابر ہے : رگھوور

رانچی 23 اکتوبر (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ خواہ وزیر اعلیٰ ہوں یا پولس افسر سبھی کیلئے قانون برابر ہے۔ قانون کی تعمیل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود ہیلمیٹ پہنیں اور دوسروں کو بھی اس کیلئے ترغیب دیں۔ انہوں نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ پولس انتظامیہ بھی ٹریفک ضابطوں کی تعمیل کرے اور خود ہیلمیٹ اور سیٹ بیلٹ پہنیں اور جو ایسا نہیں کرتا ہے اس کو سزا دیں۔ ہیلمیٹ اور سیٹ بیلٹ کی عادت ڈالیں، اسے فیشن یا ایگو نہ بنائیں۔ زندگی بہت قیمتی ہے اسے بچائیں۔ مذکورہ باتیں آج وزیراعلیٰ نے مورہابادی میدان میں منعقد ٹریفک پولس کے ذریعہ ہیلمیٹ ویک پروگرام کے موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی مہم کو تبھی کامیاب بنایا جاسکتا ہے جب اس میں عوام کی حصہ داری یقینی ہو۔ انہوں نے ٹریفک پولس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ لوگوں کو ٹریفک تحفظ کے تئیں بیدار کریں۔ پروگرام میں لوگوں کے درمیان ہیلمیٹ کی تقسیم کی گئی ۔ اس موقع سے ایم ایل اے جیتو چرن رام ،ڈی جی پی ڈی کے پانڈے ، ڈپٹی کمشنر رانچی اور پولس سپرنٹنڈنٹ سمیت بڑی تعداد میں عمائدین شہر شریک تھے۔