سنیماسوچھ بھارت پیام پہنچانے کا ایک عظیم وسیلہ : نائیڈو

حیدرآباد 9اکتوبر (یواین آئی ) مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ سنیما پیام پہنچانے کا ایک عظیم وسیلہ ہے ۔انہوں نے حیدرآباد میں سوچھ بھارت پروگرام پر 10مختصر فلموں کی نمائش کے بعد خطاب کرتے ہوئے فلم انڈسٹری کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ ہر سینما گھر میں کم از کم ایک مختصر فلم کی نمائش کی کوشش کریں تاکہ لوگوں میں سوچھ بھارت کے سلسلہ میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔مسٹرنائیڈو نے کہا کہ لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنا انفراسٹرکچر پیدا کرنا اور 2019تک سوچھ کے مقصد کے حصول کے لئے عوامی تحریک بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس تک یہ پیام پہنچانا اہم ہے جس کے لئے ہم کھیل کود کی اہم شخصیتوں ‘ مذہبی رہنماوں سے رجوع ہوئے تاکہ سینی ٹیشن پر زور دیا جاسکے اور ہمیں اس کا مثبت ردعمل حاصل ہوا۔ سیاست داں جو کہتے ہیں وہ عوام تک پہنچ سکتا لیکن ایشوریہ رائے بچن جیسی کوئی شخصیت اس بارے میں کہے تو یہ پیام آپ تک پہنچ سکتا ہے کیو ں کہ سینما عظیم وسیلہ ہے ۔وزیر موصوف نے یاددہانی کروائی کہ چھتیس گڑھ کی 104برس کی خاتون نے بیت الخلاء بنانے کے لئے اپنی بکریوں کو فروخت کردیا۔ ایک اور خاتون نے اپنی بہو کو بیت الخلا ء کا تحفہ دیا تھا۔مکمل سینی ٹیشن کے بڑے مقصد کے حصول کے لئے یہ چھوٹی کوششیں ہیں۔ کارناموں کا تذکرہ کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ گجرات کے 170ٹاونس کھلے مقامات پر فضلہ سے پاک بن گئے ہیں۔ اسی طرح آندھراپردیش کے 110شہروں کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک قرار دیاگیا ہے ۔اس کے بعد کیرالا ‘ تلنگانہ ‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں بھی جلد اس پر عمل درآمد ہوگا۔قبل ازیں تلنگانہ کے وزیر بلدیات کے ٹی راماراو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے جذبہ سے ریاستی حکومت نے مشن طریقہ کار پر بیت الخلاوں کی تعمیر کی شروعات کی ہیں۔ حیدرآباد میں کچرے کو الگ الگ کیاجارہا ہے ۔ریاستی حکومت نے 21لاکھ گھروں کو فی گھر کچرے کے 2باسکٹس فراہم کئے ہیں۔ ایک میں خشک اور دوسرے میں تر کچرا ڈالا جائے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے اس کا کہاں تک استعمال کیا جارہا ہے ۔یہ کام ایک دن میں مکمل نہیں ہوگا بلکہ یہ مسلسل عمل ہے ۔انہو ں نے کہا کہ بیت الخلاوں کی تعمیر ایک حصہ ہے اور ان سے استفادہ ایک بڑا چیلنج ہے ۔ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گنگادیورپلی میں ایک کسان نے بیت الخلاء کی تعمیر اپنے گھر میں کی اور اس میں گھریلو اشیاء پھینک دیں ۔جب اس سے سوال کیا گیاتو اس نے کہا کہ ہم خود کو قابل موازنہ نہیں سمجھتے ۔ اس کے نفاذ کے لئے خوف یا پھر جذبہ ہونے کی ضرورت ہے ۔سنگاپورمیں حکومت کو بڑے پیمانے پر جرمانے کی رقم حاصل ہورہی ہے کیوں کہ عوام اس سے واقف ہیں۔ جب عوام کو محسوس ہوجائے گا تب ہی ہمارے سوچھ بھارت اور سوچھ تلنگانہ کا پروگرام کامیاب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے 73ٹاونس کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک 2اکتوبر 2016کو بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز کی جانب سے دیئے گئے وقت کے مطابق 2اکتوبر 2019تک مکمل ریاست کو مکمل کھلے مقامات پر فضلے سے پاک بنانے کا نشانہ حاصل کیا جائے گا۔