سونم کپور کا سوناکشی کو بھارتی ملبوسات پہننے کا مشورہ

ممبئی،۱۹؍اکتوبر(پی ایس آئی) بولی وڈ کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ سونم کپور نے ساتھی اداکارہ سوناکشی سنہا کو اسٹائلسٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دے ڈالا جس کے بعد دونوں اداکاروں میں سرد جنگ کا آغاز ہوگیا۔ بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو فلم نگری کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ تصور کیا جاتا ہے اور فلم نگری کی صف اول کی کئی اداکارائیں سونم کے فیشن کی تعریف کرچکی ہیں جس میں کرینہ کپور خان بھی شامل ہیں جب کہ اب سونم کپور نے ساتھی اداکارہ کو فیشن سے متعلق مشورے دے کر آگ بگولہ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا پہلے ہی اپنے فیشن اسٹائل کے باعث تنقید کی زد میں رہتی ہیں لیکن اب فلم نگری کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ سونم کپور نے سرعام سوناکشی سنہا کے فیشن پر شدید تنقید اور تمسخر اڑایا ہے جس کے بعد دونوں اداکاروں میں سرد جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ اپنے بیان میں سونم کپور کا کہنا تھا کہ سوناکشی پر مغربی لباس کسی صورت اچھا نہیں لگتا لہذا انہیں زیادہ سے زیادہ بھارتی ملبوسات کا استعمال کرنا چاہیے جب کہ سوناکشی کو نئے اسٹائلسٹ کی ضرورت ہے کیوں کہ ان کے اسٹائلسٹ کوفیشن کا اندازہ ہی نہیں ہے۔دوسری جانب اداکارہ سوناکشی سنہا نے سونم کی تنقید پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد دونوں اداکاروں میں سرد جنگ شروع ہوگئی ہے اور دونوں نے تقریبات میں بھی ایک دوسرے کو نظر انداز کرنا شروع کردیا ہے۔