شاندار کارکردگی، شاندار جیت : وراٹ

کولکتہ، 03 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن ہی ملی 178 رنز کی جیت کو کھلاڑیوں کے بہترین کارکردگی کا نتیجہ بتاتے ہوئے پیر کو کہا کہ یہ شاندار ٹیسٹ میچ تھا۔ہندستان کے سیریز میں 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری بنانے اور ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک بننے کے بعد وراٹ نے کہاکہ یہ شاندار ٹیسٹ میچ تھا، بہترین ٹیسٹ وکٹ تھی جس پر باؤنس بدلتا رہا تھا اور یہ ہر روز گزرنے کے ساتھ وکٹ بہتر ہوتا چلا گیا۔وراٹ نے ہندستان کے نچلے آرڈر کے بلے بازوں کے بنائے گئے رنز کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اننگز کے آخر میں شامل رنز انتہائی مفید ثابت ہوئے ۔ساہا، بھونیشور اور سمیع نے آخر میں جو کردار ادا کیا، وہ ٹیم کے لئے اہم ثابت ہوا۔ساہا کی جتنی تعریف کی جائے ، وہ کم ہے ۔وہ ملک میں اس وقت سب سے بہترین وکٹ کیپر ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کام کر رہے ہیں۔کپتان نے دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ نصف سنچری بنا کر مین آف دی میچ بنے ساہا کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ویسٹ انڈیز میں بنائی گئی سنچری سے ان کے اعتماد میں کافی اضافہ ہوا۔وہ جانتے ہیں کہ نچلے آرڈر کے بلے بازوں کے ساتھ کس طرح بلے بازی کی جاتی ہے ۔ہندستانی کپتان نے مانا کہ پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے کچھ خراب شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلی اننگز میں کچھ خراب شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائے ۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے ہمیں دباؤ میں ڈال دیا۔لیکن میں روہت کے لئے بہت خوش ہوں جنہوں نے دوسری اننگز میں بہترین نصف سنچری بنائی اور دباؤ کو بخوبی برداشت کیا ۔ روہت ویسے بھی ایڈن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ایڈن گارڈن میں ناظرین سے ملی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے وراٹ نے کہا کہ شائقین کی حمایت سے ہم آج نیوزی لینڈ کے تمام وکٹ نکالنے میں کامیاب رہے ۔ شائقین کی حمایت گیند بازوں کی سوچ ہی بدل دیتی ہے ۔