شہید جوانوں کے والدین کو بھی ملیں گے 5-5لاکھ

لکھنؤ21 اکتوبر (ایجنسی): اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے راجدھانی لکھنؤ کے پولس لائن گراؤنڈ میں منعقد پولس میموریل ڈے پریڈ میں پولس جوانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور پولس کے 116 شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اترپردیش میں شہید ہونے والے پولس اہلکاروں کے والدین کو بھی اب 5-5 لاکھ روپئے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ لکھنؤ پولس لائن میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجود پولس اہلکاروں سے خطاب نہیں کیا۔ حالانکہ عام طور پر وزرائے اعلیٰ اس موقع پر پولس اہلکاروں سے خطاب بھی کرتے تھے اور ان کیلئے فلاحی پروگراموں کااعلان بھی کرتے تھے۔ اترپردیش میں فی الوقت شہیدوں کے اہل خاندان کو 20 لاکھ روپئے ملتے ہیں لیکن ایسی شکایتیں ملتی ہیں کہ پیسے بیوی کو مل جاتے ہیں لیکن عمر رسیدہ ماں باپ بے سہارا رہ جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں کئی خاندانوں میں امدادی رقم کیلئے جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں۔