فوجیوں کے سلسلے میں راہل نے مودی کو خط لکھا

نئی دہلی’ 29اکتوبر(یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی توجہ فوجیوں کے پنشن اور تنخواہوں کے سلسلے میں حکومت کے حالیہ چند فیصلوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے ملک کی سلامتی کے لئے ہر وقت خود کو قربان کرنے کے لئے تیار رہنے والے جانبازوں کا حوصلہ پست ہوا ہے ۔مسٹر گاندھی نے دیوالی کے موقع پر وزیراعظم کو کل لکھے خط میں ان سے اس سلسلے میں مناسب قدم اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف بیان بازی سے کام نہیں چلے گا بلکہ حکومت کو فوجیوں کے مفاد میں کچھ کرکے دکھانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لئے ہمارے فوجی دن رات اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نہ صرف لفظوں سے بلکہ اپنے کاموں سے یہ دکھائیں کہ ہم ان کا اور ان کے خاندان کا خیال رکھتے ہیں۔کانگریس کے نائب صدر نے اپنے خط میں فوجیوں کو معذوری پنشن ‘ ملک کے انتظامی افسران کے مقابلے میں فوجی افسران کا درجہ کم کئے جانے ‘ ساتویں اجرت کمیشن کی خامیوں اور ایک رینک ایک پنشن کے معاملات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے اس بات کا گہرا دکھ ہے کہ پچھلے کچھ ہفتہ میں حکومت نے کچھ ایسے فیصلے کئے ہیں جو فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے بجائے انہیں تکلیف اور مصیبت پہنچانے والے ہیں۔ ہمارے فوجیوں کے سرجیکل اسٹرائک کرنے کے کچھ ہی دن بعد فوجی معذوری پنشن سسٹم کو ایک نئے سلیب سسٹم میں تبدیل کردیا گیا جس سے کئی معاملات میں معذور جانبازوں کی پنشن بہت زیادہ کم ہوگئی ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ ساتویں اجرت کمیشن کی سفارشات سے فوجیوں کو نہ صرف نقصان ہوا ہے بلکہ اس سے سول اور فوجی ملازمین کے درمیان فرق اور بڑھ گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹوں سے بھی یہ پتہ لگا ہے کہ حکومت نے 18 اکتوبر 2016 کے حکم نامہ میں سول افسران کے مقابلے فوجی افسران کا درجہ کم کردیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے لکھا ہے کہ آپ کی حکومت نے فوجیوں سے کئے گئے وعدوں کے برخلاف ایک رینک ایک پنشن کو جس طرح سے نافذ کیا ہے اس سے سابقہ فوجیوں کے جائز مطالبات پورے نہیں ہوئے ہیں اور انہیں اپنی آواز اٹھانے کے لئے سڑکوں پراترنے کے لئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے او آر او پی کو درست طریقے سے نافذ کرنے کی درخواست کی تاکہ سابق فوجی مطمئن ہوں۔ انہوں نے ساتویں اجرت کمیشن کی خامیوں کو بھی فوراً دور کرنے کی اپیل کی تاکہ فوجیوں کو اس عظیم ملک میں اپنا حق لینے کے لئے سنگھرش نہ کرنا پڑے ۔مسٹر گاندھی نے لکھا ہے کہ ایک ذمہ دار جمہوری ملک ہونے کے ناطے ہمیں یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ہماری سلامتی کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے بہادر فوج ملک کی 125 کروڑ عوام کاپیار’ حمایت اور شکریہ محسوس کرسکیں۔ تاریکی پر روشنی کی فتح کے طور پر منائے جانے والے دیوالی کے تہوار پر ہمیں اپنے فوجیوں کو الفاظ کے ساتھ ساتھ عمل سے بھی شکریہ ادا کرنے کا پیغام دینا چاہئے ط ہمارے مستقبل کے لئے اپنا حال نچھاور کرنے والے فوجیوں کے لئے یہ کچھ بھی نہیں ہے ۔