لوہیا پہلے مفکر تھے جنہوں نے صفائی پر سب سے زیادہ زور دیا : نتیش

پٹنہ 12 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): سماجوادی تحریک کے قائد ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی برسی آج انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ جگہ جگہ پروگرام منعقد کر کے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع سے ریاستی حکومت کی جانب سے کنکڑ باغ واقع لوہیا پارک میں پروگرام منعقد کیا گیا ۔جہاں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ ڈاکٹر رام منوہر لاہیا کے آدم قد مجسمہ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے صحافیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رام منوہر لوہیا جی کا ملک کی جنگ آزادی میں اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوہیا جی نے بھارت چھوڑو تحریک کو آگے بڑھایا اور آزادی کے بعد بھی ان کے نظریات سماجوادی اقدار پر مبنی تھے۔ اس سے وہ ایک لمحہ بھی ادھر ادھر نہیں ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوہیا جی نے پورے ملک میں نوجوانوں کو،دانشوروں کو ، کسانوں کو اور مزدوروں کو منظم کیا اور تحریک کو ایک سمت دی۔ وزیراعلیٰ نے رام منوہر لوہیا کی کی خدمات اور ان کے سیاسی وسماجی قد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں جب تک وہ پارلیمنٹ نہیں پہنچے تھے تب تک مرکزی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز نہیںآپاتی تھی۔ انہوں نے پورے اپوزیشن کو ایک ساتھ جوڑا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج جو صفائی کی بات ہورہی ہے ، ڈاکٹر رام منوہر لوہیا پہلے مفکر اور سیاسی رہنما تھے جنہوں نے صفائی پر سب سے زیادہ زور دیا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ جو خواتین کھلے میں فراغت کرتی ہیں وہ ہم لوگوں کیلئے بے حد افسوسناک ہے۔ ایک بار تو انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو جی گاؤں اور شہروں میں بیت الخلا بنوادیں تو میں مخالفت کرنا چھوڑ دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی کامطلب صرف ووٹ کا حق نہیں ہے بلکہ آزادی کی اہمیت کوسمجھنا چاہئے۔ملک کے تئیں محبت ہونی چاہئے ۔ ہمارے سماج کا جو طبقہ حاشیے پر ہے اس کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ پورے سماج میں خیرسگالی کاماحول رہے اس کیلئے سب کو کوشش کرنی چاہئے۔ ہماری یہی کوشش دراصل ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، لوک نائک جئے پرکاش نارائن اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے تئیں اصلی خراج عقیدت ہوگی۔ اس موقع پر ایم ایل اے شیام رجک ،بہار سیٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری چھوٹو سنگھ ، چندیشور پرساد سنگھ اور دوسرے رہنما موجود تھے۔