ملائم وقت رہتے ہوئے خاندانی جھگڑا نپٹائیں : لالو؍رابڑی

پٹنہ 24 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): سماجوادی پریوار میں جاری اٹھا پٹخ پر ریاست میں حکمراں جنتا دل یو اور آر جے ڈی لگاتار اپنی نظریں ٹکائے ہوئے ہیں۔ آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد نے اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملائم سنگھ کو یہ معاملہ وقت رہتے ہی سلجھالینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ملائم سنگھ کے خاندان سے اوپر پارٹی کے لاکھوں کروڑوں حامیوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ فرقہ پرست طاقتیں موقع کی تلاش میں ہے۔ مقابلے انہیں طاقتوں سے ہونا ہے ایسے میں نیتا جی کو سوجھ بوجھ سے کام لینا چاہئے۔ دوسری طرف ان کی اہلیہ اور سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی نے کہا ہے کہ پورا معاملہ نیتا جی کے خاندان کا اندرونی معاملہ ہے۔ اس میں باہر کا کوئی آدمی بھلا کیا کرپائے گا۔ لیکن سب کو مل کر رہنا چاہئے۔ چناؤ کا وقت ہے جہاں تک لالو خاندان کی بات ہے تو ان کیلئے ملائم سنگھ جی کا پورا پریوار ہی رشتہ دار ہے۔ خیال رہے کہ لالو پرساد کی دو بیٹیاں ملائم سنگھ کے خاندان کی بہو ہیں۔ لالو کی چھوٹی بیٹی راج لکشمی کی شادی ملائم سنگھ یادو کے بڑے بھائی رتن سنگھ کے پوتے تیج پرتاپ یادو سے ہوئی ہے جو اس وقت مین پوری کے ایم پی ہیں۔ دوسری طرف لالو کے سالے اور رابڑی کے بھائی سادھو یادو کی بیٹی ایشا کی شادی ملائم سنگھ یادو کے نواسے راہل سے ہوئی ہے۔