نجیب کا پتہ بتانے والے کواب ملیں گے ایک لاکھ

نئی دہلی، 25 اکتوبر (یو این آئی) دہلی پولیس نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے لاپتہ طالب علم نجیب احمد کا پتہ بتانے والے کو اب 50 ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔نجیب 15 اکتوبر سے لاپتہ ہے اور لاکھ کوششوں کے باوجود اس کا کوئی سراغ پولیس یا یونیورسٹی انتظامیہ کے ہاتھ نہیں لگ سکا ہے ۔ پولیس نے پہلے نجیب کا پتہ بتانے والے کو 50 ہزار روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا تھا جسے اب بڑھا کر دوگنا کر دیا ہے ۔یونیورسٹی کے جیو ٹیکنالوجی محکمہ کے طالب علم نجیب کی یونیورسٹی کیمپس میں واقع ماہی۔مانڈوی ہاسٹل میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے کچھ طالب علموں کے ساتھ کہا سنی ہوئی تھی جس کے بعد 15 اکتوبر سے وہ لاپتہ ہو گیا۔ اس گمشدگی کے بعد سے یونیورسٹی میں حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔نجیب کے معاملے پر کئی طالب علم تنظیمیں دہلی کے مختلف علاقوں میں مسلسل احتجاج کر رہی ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایم جگدیش کمار نے اس سلسلے میں کل دہلی کے پولیس کمشنر آلوک کمار کے ساتھ ملاقات بھی کی۔