وارانسی میں گنگا پل پر مچی بھگدڑ،24 ہلاک

وارانسی، 15 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ اترپردیش کے وارانسی میں آج ایک مذہبی تقریب کے دوران مچی بھگدڑ میں کم از کم 24عقیدت مندوں کی موت اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔مہلوکین میں 20 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مہلوکین کے ورثا کیلئے دو دو لاکھ اور زخمیوں کیلئے 50-50 ہزار روپئے جبکہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے مہلوکین کے ورثا کیلئے 5-5 لاکھ اور زخمیوں کیلئے 50-50 ہزار روپئے کی مالی اعانت کا اعلان کیا ہے۔یہ حادثہ اس وقت ہوا جب رام نگر علاقے میں “جے گرودیو” کے سماگم میں عقیدت مندوں کو دیکشا دیے جانے کا پروگرام چل رہا تھا کہ اس دوران گنگا ندی پر بنے 129 سال پرانے راج گھاٹ پل پر اچانک بھگدڑ مچ گئی اورعقیدت مند ایک کے اوپر ایک گرتے چلے گئے ۔ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (قانون) دلجیت چودھری نے ‘یو این آئی” کو بتایا کہ بھگدڑ میں 17لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ زخمیوں کو لال بہادر شاستری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔مسٹر چودھری نے بتایا کہ سماگم کے درمیان شوبھا یاترا نکالی جا رہی تھی جو ملدہیا علاقے سے راج گھاٹ ہوتے ہوئے چندولی کے کنٹیسر جا رہی تھی۔ اسی درمیان پل پر بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے کے بعد ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ایمبولینسوں اور دیگر طبی سہولیات پہنچانے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ میں ہوئے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر مودی نے افسران سے بات کر کے زخمیوں کا مکمل علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اس درمیان وزیر اعلی اکھلیش یادو نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا کیلئے 5-5 لاکھ اور مجروحین کیلئے 50-50 ہزار روپئے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر یادو نے زخمیوں کا مفت علاج کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔اس درمیان کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی نے بھی اترپردیش کے وارانسی میں آج ایک مذہبی تقریب کے دوران مچی بھگڈر میں عقیدت مندوں کی موت اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے یہاں دہلی میں جاری ایک تعزیتی پیغام میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتظامی سطح پر متاثرین کو مکمل مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کانگریس کارکنوں سے راحت اور بچاؤ کام میں مکمل مدد کرنے کو کہا ہے ۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی وارانسی کے راج گھاٹ پل پر مچی بھگدڑ میں عقیدت مندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مہلوکین کے اہل خاندان سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے۔