وارنگل کو عظیم شہر میں تبدیل کرنے کا باوقار منصوبہ : چندر شیکھر راؤ

حیدرآباد9اکتوبر (یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیراعلی چندر شیکھرراو نے کہا ہے کہ ورنگل کو عظیم شہر میں تبدیل کرنے کے لئے باوقار منصوبہ تیار کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے حکومت ایک ہزار کروڑ روپے الاٹ کررہی ہے جس میں سے اب تک 300کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔چندرشیکھرراو نے آج ورنگل کی بھدراکالی اماوارو مندر کی مورتی کو 3.7کروڑ روپے مالیت کا 11.7کلوگرام کا سونے کا تاج پیش کیا۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے پر حکومت کی طرف سے انہوں نے یہ تاج پیش کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندرشیکھرراو نے واضح کیا کہ انتظامیہ میں آسانی کے لئے اضلاع کی تنظیم نو کی جارہی ہے اور یہ عمل ایک سال سے جاری ہے ۔اس سے کم آبادی والے علاقوں میں انتظامیہ بہتر ہوگا۔کیشوراو کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق اضلاع کی تعداد کو 31تک کیا گیا ہے ۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد اس تعداد کو حتمی شکل دینے کے سلسلہ میں اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ اضلاع کی تقسیم میں کانگریس سیاست کررہی ہے ۔ حالانکہ اِضلاع کی تنظیم نو میں حزب اختلاف کے ارکان کی رائے کو ملحوظ رکھا گیا ۔اس کے باوجود غیر ضروری نکتہ چینی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10سال تک کانگریس کی حکمرانی میں ایسی ترقی نہیں ہوئی ہے ۔ اب ریاستی حکومت کی ترقی کو روکنے میں کانگریس کے قائدین رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں بہتر بارش سے کسان خوش ہیں ۔ کانگریس غیرضروری طور پر کسانوں کے مسائل کو اٹھاتے ہوئے واویلا مچارہی ہے ۔انہو ں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا منہ بند رکھیں ۔