وراٹ کی سنچری، ہندستان مضبوط پوزیشن میں

اندور، 08 اکتوبر (یو این آئی) کپتان وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ 103) کی شاندار سنچری اور ان کی اجنکیا رہانے (ناٹ آؤٹ 79) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 167 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری کی بدولت ہندستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہفتہ کو پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹ پر 267 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے ۔چائے کے وقفہ تک کپتان وراٹ کوہلی 45 اور اجنکیا رہانے 19 رنز بنا کر کریز پر تھے جبکہ دن کے اختتام تک دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے سنچری شراکت کی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔کپتان وراٹ نے اپنی 13 ویں ٹیسٹ سنچری لگائی ۔وہ 191 گیندوں 103 رن کی اپنی اننگز میں اب تک 10 چوکے لگاچکے ہیں۔پہلے دو میچوں میں ناکام رہے وراٹ نے اپنی اس سنچری سے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے ۔دوسری طرف رہانے نے 172 گیندوں کی اپنی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے ۔ وراٹ اور رہانے نے ایک بار نگاہیں جم جانے کے بعد جم کر کھیلتے ہوئے اپنی اننگز کو بڑھایا اور تیسرے سیشن میں ایک بھی وکٹ نہیں گرنے دیا۔ہندستان کے ابتدائی تین وکٹ 100 رنز پر گر گئے تھے لیکن اس کے بعد وراٹ اور رہانے کے درمیان 54 اوور میں 167 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری ہو چکی ہے ۔اسٹمپ کے وقت کپتان وراٹ 103 اور اجنکیا رہانے 79 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔اس سے پہلے ہندستان نے پہلے دن دوپہر کے کھانے کے بعد اپنا ا سکور دو وکٹ پر 75 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔گزشتہ میچ میں شاندار نصف سنچری بنانے والے چتیشور پجارا 29 اور کپتان وراٹ کوہلی نے اپنی اننگز کو سات رنز سے آگے بڑھایا۔پجارا اپنے ذاتی اسکور میں 12 رنز اور جوڑکر 41 کے اسکور پر مچل سیٹنر کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔پجارا نے 108 گیندوں میں 41 رن کی اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے ۔پجارا اور وراٹ کے درمیان تیسرے وکٹ لئے 40 رن کی شراکت ہوئی۔اس کے بعد کپتان وراٹ نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا رہانے کے ساتھ مل کر ہندوستان کا اسکور کو آگے بڑھایا۔اجنکیا رہانے نے بھی کپتان کا اچھا ساتھ نبھایا۔اس میچ میں رہانے نے تیز گیند باز میٹ ہنری کی گیند پر جیسے ہی اپنی اننگز کا دوسرا رن لیا وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے ہندستان کے 36 ویں بلے باز بلے باز بن گئے ۔رہانے نے اپنے 29 ویں ٹیسٹ کی 49 ویں اننگز میں یہ مقام حاصل کیا۔میچ کے پہلے دن دوسرے سیشن میں چتیشور پجارا کے طور پر صرف ایک وکٹ گرا جسے سیٹنر نے آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ، پٹیل اور سیٹنر کو اب تک ایک ایک کامیابی مل چکی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہندستان پہلے دو میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری لے چکا ہے اور اس مقابلے میں بھی ٹھوس شروعات کر لی ہے ۔ہندستان اگر اس میچ کو جیتتا ہے تو وہ اپنی نمبر ون پوزیشن کو مزید مضبوط کر لے گا۔