ورلڈ کپ میں پوڈیم میں مقام بنانا ہے مقصد : ھریندر

بنگلور، 18 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی جونیئر مرد ہاکی ٹیم کے کوچ ھریندر سنگھ نے کہا ہے کہ اسپین میں 24 سے 30 اکتوبر تک ہونے والے چار ممالک کے ٹورنامنٹ میں ٹیم کا بنیادی مقصد جونیئر ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دنیا کی سرفہر ست تین ٹیموں میں مقام بنانا ہے ۔ ہندستان کی میزبانی میں دسمبر میں ورلڈ کپ منعقد ہونا ہے ۔ہندستانی جونیئر ٹیم نے حال ہی میں آسٹریلین ہاکی لیگ میں شرکت کی تھی۔ٹیم نے لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن وہ کانسی کا تمغہ مقابلے میں ہار کر تمغہ سے چوک گئی تھی۔کوچ نے یہاں سائی سینٹر میں چل رہے ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران کہاکہ ٹیم کی اس میں کارکردگی تسلی بخش تھی اور مجھے خوشی ہے کہ عالمی کپ کے پیش نظر ٹیم کی تیاری بہتر ہو رہی ہے ۔لیگ میں ٹیم نے کئی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلا تھا اور سیمی فائنل تک کی راہ طے کی تھی۔اس مظاہرے سے یقینی طور پر ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا۔ٹیم اچھی تال میں کھیل رہی ہے اور یقینی طور پر ہمارا اہم مقصد پوڈیم پر جگہ بنانا ہے ۔ورلڈ کپ میں شروع ہونے میں ابھی بھی 50 دنوں کا وقت ہے ۔کوچ نے اسپین کے والنسیا میں ہونے والے چار ممالک کے ٹورنامنٹ کے بارے میں کہاکہ ٹورنامنٹ میں یورپ کی اہم ٹیمیں جرمنی، بیلجیم اور اسپین کھیلیں گی۔یہ ہمیں اپنی تکنیکی تیاریوں کو مضبوط کرنے اور غلطیوں کو سدھارنے کا شاندار موقع ملے گا۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا حتمی انتخاب والنسیا دورے کے بعد کیا جائے گا۔ہم وہاں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے ۔قابل ذکر ہے کہ ٹیم اسپین دورے کیلئے 19 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔