پاریکر نے سرجیکل اسٹرائیک کا سہرا فوج اور مودی کو دیا

ممبئی، 12 اکتوبر(یو این آئی) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے مسلح افواج اور وزیر اعظم نریندر مودی کو سرحد پارکی گئی سرجیکل اسٹرائیک کی کامیابی کا سہرا فوج کودیتے ہوئے آج کہا کہ یہ کارروائی کسی سیاسی پارٹی نے نہیں بلکہ مسلح افواج نے کی تھی۔مسٹر پاریکر نے یہاں بین الاقوامی انجینئرنگ کانفرنس میں کہا کہ وہ لوگ جو سرجیکل اسٹرائیک پر سوال اٹھارہے ہیں وہ بھی اس کا سہرا لے سکتے ہیں ۔ میں بھی اس کا سہرا لے سکتا ہوں لیکن اس کا اصل سہرا تو وزیر اعظم کے سر ہی ہے لیکن میرے خیال سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت اور منصوبہ بندی کو اس کا سہرا جاتا ہے ۔انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اس سے کئی لوگوں کو بات سمجھ میں آجانی چاہئے ۔ میں لیڈر ہوں لیکن پیشے سے لیڈر نہیں ہوں۔ خیال رہے کہ مسٹر گاندھی نے مسٹر مود ی پر خون کی دلالی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مسٹر پریکر نے یہ ردعمل ایسے وقت کیا ہے جب کانگریس نے بی جے پی پر سرجیکل اسٹرائیک کا سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے ۔ بعد میں مسٹر پاریکر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اسٹریٹیجک کارروائی کا سہرا فوج اور ملک کے 127کروڑ لوگوں کو ہے اور اس کا سہرا لینے کے بارے میں جاری بحث اب ختم ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پہ اب کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیوں کہ پھر سے اسے ایسی صورت میں پیش کیا جائے گا گویا وہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔انہوں نے ان خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ فوج کی اسٹریٹیجک اسٹرائک 28 ستمبر سے پہلے بھی ہوئی تھی لیکن اس وقت کی حکومت نے اسے عام نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اور واضح فوجی کارروائی میں فرق ہوتا ہے ۔ خفیہ کارروائی میں آپ ذمہ داری نہیں لیتے ۔ ہم نے اسٹریٹیجک کارروائی کرائی اور ملک کواس کے بارے میں فوج سے بتانے کے لئے کہا۔