پاکستانی دہشت گرددراندازی کے فراق میں

نئی دہلی 05 اکتوبر (تاثیر بیورو): سرحد پر تقریباََ 100 دہشت گرد بھارت میں دراندازی کے فراق میں ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو ہوئی سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے یہ اطلاع دی ۔پاکستان کے قبضہ والے کشمیر میں دہشت گردوں کے سات لانچنگ پیڈ پر ہندستانی فوج کے سرجیکل اسٹرائک کے بعد سی سی ایس کی یہ دوسری میٹنگ تھی۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور وزیر خارجہ پر مشتمل اس گروپ کو بتایا گیا کہ بھارت کے سرجیکل اسٹرائک کے بعد پاکستانی افواج لائن آف کنٹرول کے پاس بنے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی حفاظت میں جٹ گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایسے تقریباََ ایک درجنگ لانچنگ پیڈ کا پتہ چلا ہے۔ وزیر اعظم کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں سرحد پر پیش آنے والے واقعات اور ان سے متعلق سرگرمیوں پر غور و خوض کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کے ذریعہ ملک کی سلامتی کا جائزہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فوج کی طرف سے سرجیکل اسٹرائک کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی صورتحال ہے ۔ سرحد پار دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کے خلاف محدود فوجی کارروائی اڑی حملہ کے بعد کی گئی ہے ، جس میں 19 ہندوستانی جوان شہید ہوئے تھے ۔ ڈی جی ایم او کے مطابق ہندوستانی فوج کی سرجیکل اسٹرائک میں دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے ۔