پاکستانی فنکاروں کی حمایت پرسلمان خان کوشیوسینا کی د ھمکی

ممبئی،اکتوبر(پی ایس آئی) بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی جانب سیانڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے کے خلاف بیان دینے پر شیوسینا نے انہیں دھمکیاں دی ہیں۔گزشتہ روز انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر پابندی عائد کردی گئی تھی جب کہ اس فیصلے کے بعد سلمان خان نے ایک تقریب میں ایسوسی ایشن کے فیصلے پر تنقید کی تھی اورپاکستانی فنکاروں اور دہشت گردوں میں فرق کرنے پر زور دیا تھا لیکن اب شیو سینا دبنگ خان کے خلاف میدان میں آگئی ہے۔ میڈیا کے مطابق شیو سینا نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت پر سلمان خان کو شدید نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان نے دہشت گردی کے باوجود پاکستان کے خلاف کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی ہے بلکہ ان کے فنکاروں کی حمایت کررہے ہیں لہٰذا انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ وقت پاکستانیوں کی حمایت کا نہیں ہے۔ شیوسینا کا کہنا ہیکہ سلمان خان اداکار ہیں جن کی ہم سب عزت کرتے ہیں لیکن اپنے کام سے کام رکھیں اور پاکستانی فنکاروں کی حمایت سے باز آجائیں۔شیو سینا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سلمان خان کوسبق سیکھانے کی ضرورت ہے جب کہ اگرسلمان خان کو پاکستانی اداکاروں سے پیارہے تو وہ پاکستان چلے جائیں۔