پرکاش اتسو کیلئے جاگرتی یاترا،نتیش نے دکھائی جھنڈی

پٹنہ 13 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو تخت شری مندر جی پٹنہ صاحب میں 350 ویں پرکاش پرو کے سلسلے میں نکالی گئی جاگرتی یاترا کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر گرودوارا علاقے میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہاکہ آج پرکاش پرو کیلئے جاگرتی یاترا نکل رہی ہے اور مجھے اس موقع پر یہاں حاضری کا موقع ملا ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے ۔ پرکاش اتسو کے موقع پر ملک و بیرون ملک سے لاکھوں عقیدت مند یہاں آئیں گے ہم لوگ بھی عالمی سکھ برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرکاش اتسو کے موقع پر یہاں آئیں ۔بہار کی حکومت اور بہار کے عوام کی طرف سے جو بھی ممکن ہوگا زائرین کو ہم وہ ساری سہولتیں مہیا کرائیں گے۔ ہم لوگوں نے اپنی طرف سے ہر طرح کی تیاری کی ہے ۔ یہاں آنے والوں کو ضروری سہولیات مہیا کرانے کیلئے گرودوارا پربندھک کمیٹی کے ساتھ مل کر ساری باتیں طے کی گئی ہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ پٹنہ صاحب کا علاقہ گھنی آبادی والا علاقہ ہے ۔ راستے تنگ ہیں لیکن ان سب چیزوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہاں آنے والے ہر راستے کو سدھارا جارہا ہے۔ ریلوے لائن کے اوپر ریاستی حکومت نے روڈ اوور برج کی بھی تعمیر کرائی ہے۔ جس سے زائرین کو سہولت ہوگی۔ گاندھی میدا ن میں بھی ایک بڑا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ دو تین مقامات پر ٹینٹ سیٹی کی بھی تعمیر کرائی جارہی ہے جو لوگ آئیں گے ان کی گاڑیوں کے ٹھہرنے کیلئے بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری کی سطح پر اس کی پوری مانیٹرنگ ہورہی ہے اور دیگر افسران کوبھی اس کام میں لگایا گیا ہے۔