چٹاگانگ ٹیسٹ میں انگلینڈ کی بنگلہ دیش پر دلچسپ فتح

چٹاگانگ،۲۴؍اکتوبر(پی ایس آئی)چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انگلینڈ نے چوتھے اوور میں بنگلہ دیش کی مزاحمت ختم کرکے 22 رنز سے فتح اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔چوتھے دن کھیل کے اختتام پر میچ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گ?ا تھا اور بنگلہ دیش کو انگلینڈ کے خلاف فتح کے لیے 33 رنز درکار تھے جبکہ انگلینڈ کو جیت کے لیے دو وکٹیں۔تاہم جب میچ کے پانچویں اور آخری دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو بین سٹوکس نے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر تاج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا پھر اسی اوور کی تیسر گیند پر انھوں سیف الاسلام کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔بین سٹوکس کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر ‘مین آف دا میچ’ قرار دیا گیا۔اتوار کو کھیل کے چوتھے دن انگلینڈ کے دوسری اننگز میں 240 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 263 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے نصف سنچری بنانے والے صابر رحمان 64 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ امر القیس اور مشفق الرحیم نے بالترتیب 43 اور 39 رنز کی اننگز کھیلیں۔انگلینڈ کی جانب سے بیٹی نے تین جبکہ معین علی، سٹوئرٹ براڈ اور بین سٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔اس سے قبل چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 228 رنز سے دوبارہ شروع کی تو اس کی بقیہ دو وکٹیں سکور میں 12 رنز کے اضافے کے بعد گر گئیں۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔اس میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بین سٹوکس کے 85 اور جونی بیئرسٹو کے 47 رنز کی بدولت 293 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 78 اور مشفق الرحیم نے 48 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے چار، اور معین علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔دوسرا ٹیسٹ 28 اکتوبر سے ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔