گلابی گیند سے اظہر علی نے لگائی پہلی سنچری

دبئی، 14 اکتوبر (یو این آئی) سلامی بلے باز اظہر علی (ناٹ آؤٹ 146) کے دن رات ٹیسٹ میچوں میں ریکارڈ پہلی سنچری اور سمیع اسلم (90) کے ساتھ ان کی پہلے وکٹ کے لئے 215 رنز کی قیمتی شراکت کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ایک وکٹ پر 279 رن کا مضبوط اسکور بنا لیا۔بلے بازی کی معاون وکٹ پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور دونوں اوپنروں نے تقریبا 70 اوور میں 215 رن کی شراکت کرتے ہوئے اس فیصلے کو درست ثابت کیا۔اظہر علی کی شاندار سنچری بنانے کے بعد بھی ابھی تک جمے ہوئے ہیں جبکہ اسلم گلابی گیند سے اس تاریخی ٹیسٹ میچ میں صرف 10 رنز سے اپنی سنچری سے چوک گئے ۔اظہر نے پاکستان کے 400 ویں ٹیسٹ میں سنچری لگائی جو ان کی 11 ویں ٹیسٹ سنچری بھی ہے ۔انہوں نے اپنی اس اننگز میں 268 گیند کھیلتے ہوئے 14 چوکے جمائے جبکہ اسلم نے 212 گیندوں کی اپنی اننگز میں نو چوکے لگائے ۔اظہر اسلم کے آؤٹ ہونے کے بعد تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے کرنے آئے اسد شفیق (33) کے ساتھ ناٹ آؤٹ 64 رنز کی شراکت کر چکے ہیں۔شفیق بھی اپنی مختصر اننگز میں چار چوکے لگا چکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے واحد کامیابی روسٹن چیز کو ملی۔قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا جبکہ مجموعی یہ دوسرا بین الاقوامی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے ۔اظہر اور سمیع نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ویسٹ انڈین بالرز کا خوب امتحان لیا اور چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں 81 رنز کا اضافہ کیا جبکہ دوسرے سیشن میں بھی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ویسٹ انڈین بالرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔ اظہر علی ایک روزہ میچوں کی فارم کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ۔ویسٹ انڈیز کو بالآخر پہلی کامیابی اس وقت ملی جب سمیع اسلم روسٹن چیز کی گیند کو صحیح طریقے سے سوئپ نہ کر سکے اور گیند بلے کا اندرونی کنارہ لیتے ہوئی وکٹوں سے جا ٹکرائی۔سمیع اور اظہر نے 215 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور نوجوان بلے باز 90 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے ۔اظہر علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی۔وہ 50 ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والے پاکستانی بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر آگئے ۔پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنائے ۔اظہر علی 268 گیندوں میں 146 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، جبکہ اسد شفیق 33 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے تاریخ ساز 400ویں ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر دبئی کی بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔