گورنر نے سیلاب متاثرہ اضلاع کیلئے راحتی اشیاء لدے 25 ٹرکوں کو روانہ کیا

پٹنہ، 5 اکتوبر (طارق حسن)۔ گورنر رام ناتھ کووند نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، بہار اسٹیٹ برانچ کے زیراہتمام راج بھون کے سامنے منعقد ایک پروگرام میں سیلاب متاثرہ 25 اضلاع کے لئے خوراک اور ریلیف اشیاء سے لدے 25 ٹرکوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریڈ کراس کے ذریعہ ٹرکوں سے بھیجے گئے سامانوں کے فیملی پیک میں بچوں کے کپڑے، بالٹی، مچھردانی، سولر لالٹین، نیسلے میگی نوڈلس اور چاکلیٹ وغیرہ سامان شامل ہیں۔گورنر مسٹر کووند نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، بہار اسٹیٹ برانچ کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں تعاون کے لئے مبارک باد دی۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر ای ایل ایس این بالا پرساد، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ونے بہادر سنہا، وائس چیئرمین ڈاکٹر بی کے سریواستو، وائس چیئرمین ادے شنکر پرساد سنگھ، ڈاکٹر اے اے حئی، ڈاکٹر آر این سنگھ، ڈاکٹر ایس پی سنگھ، خزانچی دنیش کمار جیسوال وغیرہ بھی موجود تھے۔