ہریش راوت کا باپو اور شاستری کو خراج عقیدت

دہرادون02 اکتوبر (ایجنسی): اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی قیادت میں آج پوری ریاست میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ راجدھانی کے بیجا پور ہاؤس میں منعقد ایک پروگرام میں وزیر اعلیٰ راوت نے گاندھی جینتی اور شاستری جینتی کے موقع پر ان دونوں عظیم رہنماؤں کی خدمات کو یاد کیا اور ان کی تصویر پرگلپوشی کر کے انہیں پرخلوص خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سی ایم نے تمام شہریوں سے گاندھی جی اور شاستری جی کے نقش قدم پر چلنے کی اپیل کی اور کہا کہ ایسے عظیم رہنماؤں کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی صحیح منزل پائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریات آج بھی قابل قدر ہیں اور ساری دنیا گاندھی جی کے نظریات پر عمل کرنا چاہتی ہے۔