ہندستانی فوج بولتی نہیں کارروائی کرتی ہے : مودی

بھوپال، 14 اکتوبر (تاثیر بیورو) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت میں فوجیوں کا اہم کردار ہے۔ مسلح افواج بولتی نہیں کارروائی کرتی ہے۔عالمی امن فوج میں بھی ہندستانی فوج کا اہم کردار ہے۔ دفاعی شعبے میں ملک کے خود کفیل ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سمت میں ان کی حکومت پوری طرح سرگرم عمل ہے اور آنے والے دنوں میں ہم نہ صرف دفاعی ضروریات پوری کر نے کے متحمل ہو جائیں گے ، بلکہ دوسرے ملکوں کو بھی دفاعی ساز و سامان فروخت سکیں گے ۔مسٹر مودی جمعہ کی شام یہاں یاد گار شجاعت کی نقاب کشائی کی ایک تقریب کے پہلے سابق فوجیوں کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع کے شعبے میں ہمیں خود کفیل ہونا ضروری ہے . اس سمت میں وہ گزشتہ دو برسوں سے غور و فکر کرتے آ رہے ہیں اور کام بھی شروع ہو گیا ہے ۔ انہوں نے بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ہم آئندہ دفاع سے متعلق اپنی ضرورتیں بھی پوری کر سکیں گے اور دیگر ملکوں کو بھی فوجی ساز و سامان مہیا کرا سکیں گے .مسٹر مودی نے اس موقع پر شہید فوجیوں کے اہل خانہ خاص طور سے ان کی ماؤں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہم کردارکو بھلایا نہیں جا سکتا ہے ۔وزیر اعظم نے اس موقع پر شہید وامر رہو کا نعرہ بھی لگایا۔انہوں نے کہا کہ ہندستانی فوجی جوان انسان دوستی کا نمونہ ہیں۔ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے مواقع پر فوج کے جوانوں نے بڑی بہادری سے قوم کی خدمت کی ہے۔ اس موقع پر وزیر دفاع منوہر پاریکر، مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور پھگن سنگھ کلستے ، بی جے پی کے ریاستی صدر ندکمار سنگھ چوہان، ریاست کے وزیر بھوپندر سنگھ، اوما شنکر گپتا، گوپال بھارگو اور وسواس سارنگ، بھوپال کے ایم پی آلوک سنجر اور میئر آلوک شرما بھی موجود تھے .