38سال کے ہوئے ویریندر سہواگ

نئی دہلی، 20 اکتوبر (یو این آئی) ٹیم انڈیا کے سابق دھماکہ خیز اوپنر وریندر سہواگ جمعرات کو 38 سال کے ہو گئے ہیں اور ان کی سالگرہ پر ٹیم کے ساتھیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں شائقین نے انہیں مبارکباد دی ہیں۔کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں گیند بازوں کے لیے خوف کی علامت بنے رہے سہواگ نے اپنے 12 سال کے شاندار کیریئر میں 104 ٹیسٹ کھیلتے ہوئے 49.34 کے اوسط سے 8586 رنز بنائے تھے جس میں 23 سنچری اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔نجف گڑھ کے نواب کہے جانے والے سہواگ ہندستان کی جانب سے دو ٹرپل سنچری لگانے والے اکیلے بلے باز ہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر میں 251 ون ڈے میچوں میں 35.05 کی اوسط سے 8273 رنز بنائے ہیں جس میں 15 سنچریاں شامل ہیں۔اپنے الگ سٹائل کے لیے معروف سہواگ نے پہلی ٹرپل سنچری (309) پاکستان کے خلاف 2004 میں ملتان میں اور دوسری (319) جنوبی افریقہ کے خلاف 2008 میں چنئی میں بنائی تھی ۔ سہواگ نے ون ڈے میں ایک ڈبل سنچری بھی بنائی ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکور کی تھی۔ماسٹر بلاسٹر سچن تندلکر، سابق ہندستانی کپتان سوربھ گنگولی، ہندستانی کوچ اور سابق عظیم لیگ اسپنر انل کمبلے ، ہربھجن سنگھ، شین وارن سمیت کئی ٹیم کے ساتھیوں نے انہیں سالگرہ پر مبارکباد دی ہیں۔