450 طالبات کو ایس پی او کا درجہ،اکھلیش نے سونپاشناختی کارڈ

لکھنؤ 14 اکتوبر (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج 450 طالبات کو خصوصی پولیس آفیسر (ایس پی او) کا درجہ دیا۔لوک بھون آڈیٹوریم میں منعقد ہ ایک تقریب میں ویمن پاور لائن کے انسپکٹر جنرل نونیت سکیرا کے ساتھ مسٹر یادو نے طالبات کو ایس پی او کا شناختی کارڈسونپا۔ یہ لڑکیاں چھیڑخانی اور جنسی استحصال سے متاثرہ لڑکیوں اور عورتوں کو پولیس کی مدد سے انصاف دلائیں گی۔ سال کے آخر تک ریاست میں دو لاکھ طالبات کو ایس پی او بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔مسٹر یادو نے اس موقع پر کہا کہ “خواتین کے تحفظ کے لئے میری حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں۔ میری بھی بیوی ہے اور دو بیٹیاں ہیں۔میں خواتین کے تحفظ کے معاملہ میں انتہائی سنجیدہ ہوں۔ خواتین کی حفاظت کی میری حکومت کی مہم کوکامیابی ملی ہے ۔ 1090 سے خواتین و بیٹیوں کو مدد مل رہی ہے ۔ “انہوں نے کہا کہ تھانے جانے سے لوگ ڈرتے ہیں مگر اب پولیس خودمتاثرہ کے پاس جائے گی۔ تمام لڑکیاں 1090 کی برانڈ امبیسڈر ہیں۔ دوسری ریاست کے لوگوں کی نظر میں اتر پردیش کی شبیہ غلط ہے ۔ نوئیڈا کے کاروباری اپنے کارڈ میں قومی دارالحکومت علاقہ دہلی لکھتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہونا چاہئے وہ کاروبار یہاں کرتے ہیں۔