کھیل

راہل کی واپسی، گمبھیر بیٹھ سکتے ہیں

Written by Dr.Mohammad Gauhar

وشاکھا پٹنم، 15 نومبر (یو این آئی) سلامی بلے باز لوکیش راہل چوٹ پر قابو پانے کے بعد انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے جا رہے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کیلئے ہندستانی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ راجکوٹ میں پہلے ٹیسٹ میں مایوس کرنے والے تجربہ کار بلے باز گوتم گمبھیر کے باہر بیٹھنے کا امکان ہے ۔راہل کو گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کانپور میں پہلے ٹیسٹ میں ہیمسٹرنگ چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے دو اور انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائے ۔ٹیم مینجمنٹ نے اوپننگ بلے باز کی فٹنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ویزاگ ٹیسٹ کیلئے دستیاب بتایا ہے ۔راہل نے وجینگرام میں چل رہے کرناٹک کے لیے رنجی میچ میں راجستھان کے خلاف 76 اور 106 رنز کی اننگز کھیلی ہیں۔راہل نے دوسری اننگز میں 131 گیندوں پر 106 رنز میں 13 چوکے اور چار چھکے بھی لگائے ۔کوچ انل کمبلے کی ہندستانی ٹیم میں یہ چلن سا بن گیا ہے کہ کوئی بھی زخمی کھلاڑی گھریلو کرکٹ میں کھیلنے کے بعد ہی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر پاتا ہے ۔کمبلے نے بھی دوسرے ٹیسٹ سے قبل بتایا کہ راہل اب فٹ ہیں اور ٹیم میں انتخاب کے لیے دستیاب ہیں۔کمبلے نے ساتھ ہی راہل کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔راہل فی الحال ویزاگ سے کچھ فاصلے پر ہو رہے رنجی میچ میں کھیل رہے ہیں اور اگر ان کو منتخب کیا جاتا ہے تو وہ ہندستانی ٹیم کا آسانی سے حصہ بن سکتے ہیں۔راہل کی واپسی سے طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس آئے گمبھیر کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں جنہوں نے راجکوٹ میں 29 اور صفر کی دو انتہائی مایوس کن اننگ کھیلی تھیں اور اب دوسرے ٹیسٹ میں ان کے باہر بیٹھنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔24 سالہ راہل نے کہا کہ میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں کیونکہ اگر آپ جم میں وقت بھی بتاتے ہیں تب بھی آپ کو پتہ نہیں ہوتا کہ آپ کا جسم مکمل طور پر ٹھیک ہے یا نہیں۔لیکن فرسٹ کلاس میچ کھیلنے اور اس میں سنچری نے میرے حوصلے کو بڑھایا ہے ۔راہل نے نو میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے 1020 رنز بنائے ہیں۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir