کھیل

سلیکٹر بننا چاہتے ہیں پونٹنگ

Written by Dr.Mohammad Gauhar

میلبورن، 23 نومبر (یواین آئی) سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ وہ سلیکٹروں کے سربراہ کے طور پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں اور ساتھ ہی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ بھی کام کر سکتے ہیں۔راڈمارش کے بعد پونٹنگ کو کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) میں سلیکٹر وں کے چیئرمیں کا اہم دعویدار مانا جا رہا ہے ۔ مارش نے جنوبی افریقہ سے ون ڈے اور ٹیسٹ میں شکست کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ آسٹریلیا کی سیریز میں شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی سخت تنقید ہوئی تھی۔ مارش نے گذشتہ ہفتے اپنے عہدے سے ہٹنے کا اعلان کیا تھا اور فی الحال ٹریور ھونس فوری طور پر ان کی جگہ عہدہ سنبھال رہے ہیں۔ پونٹنگ نے بدھ کو ورلڈ کپ آف گولف سلیبریٹی پرو-ایم ٹورنامنٹ کے دوران یہاں آسٹریلیائی میڈیا سے کہا “میں سلیکٹرکے سربراہ کے عہدے کے بارے میں ضرور غور کروں گا ۔ میں نے یہ بات کرکٹ آسٹریلیا کو بھی بتائی ہے اور میں کسی بھی طرح سے آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ وابستگی پر خوشی محسوس کروں گا. “۔پونٹنگ نے کہا “ٹیم کے کل وقتی کوچ کا کردار بھی ایسا عہدہ ہے جس کے بارے میں میں سوچ سکتا ہوں اور اس پر کام کر سکتا ہوں۔ تاہم مجھے اس کیلئے اپنے خاندان سے بھی بات کرنی ہو گی۔ “پونٹنگ سال 2015 میں انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینس کے کوچ کے عہدے سے ہٹ گئے تھے ۔41 سالہ سابق کپتان نے کہا “کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کو تقریباً چھ سے سات مہینے باہر رہنا ہوگا۔ میں نے ایسا 20 سال تک کیا ہے ۔ اس لئے مجھے اس سلسلے میں سوچنے کے لئے اپنے کنبے سے بات کرنی ہوگی ۔ “ویسے پونٹنگ فروری میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کے لئے کوچنگ کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس کے بارے میں ابھی ان کی سی اے سے بات چیت چل رہی ہے ۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir