سیاست

سماجوادی پارٹی کی سلور جوبلی تقریب میں نتیش شریک نہیں ہوں گے

Written by Dr.Mohammad Gauhar

پٹنہ ، یکم نومبر (اسٹاف رپورٹر): جنتا دل یو نے واضح کردیا ہے کہ سماجوادی پارٹی کی سلور جوبلی تقریب میں نہ تو جنتا دل یو کے قومی صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار شامل ہوں گے اور نہ ہی پارٹی کا کوئی دوسرا لیڈر اس میں شامل ہوگا۔ پارٹی نے یہ فیصلہ انتخابی مصلحت کے پیش نظر کیا۔ جنتا دل یو کا ماننا ہے کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش سنگھ یادو اور ریاستی صدر شیوپال یادو کی آپسی لڑائی میں کسی بھی گروپ کے ساتھ جانا نقصان دہ رہے گا اس لئے دوری بناکر رکھنا ہی بہتر ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ کا کہنا ہے کہ فی الحال ہم سماجوادی پارٹی میں صلح ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ جنتا دل یو نے پچھلے واقعہ سے سبق لیا ہے ۔ پارٹی سماجوادی پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد بنانے پر اسی وقت غور کرے گی جب ملائم سنگھ یادو خود پہل کریں اس کیلئے دعوت دیں ۔ جنتا دل یو کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے بھی کہا ہے کہ 2015 میں تو ہم سماجوادی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے کو تیار تھے لیکن ملائم سنگھ خود ہی پیچھے ہٹ گئے۔ اب کوئی بھی اتحاد بنانے کی دعوت خود ملائم سنگھ یادو کی طرف سے آنی چاہئے ۔ یوپی میں ہم بی جے پی کے خلاف کسی بھی مہم کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir