سیاست

عوام مخالف کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا : ممتا

Written by Dr.Mohammad Gauhar

مغربی مدنی پور 3نومبر(یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ ان کی حکومت ریاست میں کسی بھی شخص کو عوام کے مفادات کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔قبائلی اکثریتی والے ضلع میں سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کے افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں صرف عوام کیلئے اچھے کام کرنے والوں کی حمایت کرتی ہوں اور جو لوگ عوام کے مفادات کے خلاف کام کرتے ہیں میں ان کی مخالفت کرتی رہوں گی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں صرف انتخابات کے موسم میں ہی سیاست کرتی ہوں اور باقی دنوں میں عوام کیلئے کام کرتی ہوں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے فلاحی اسکیموں کو نقصان پہنچانے والوں کی میری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔میں نے ترنمول کانگریس کو عوام کی بھلائی کیلئے بنایا تھا اور میری زندگی عوام کیلئے وقف ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ سی پی ایم کے دور اقتدار میں ریاست کی حالت دگر گوں ہوگئی تھی مگر گزشتہ پانچ سالوں میں ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔میر اصرف ایک ہی مقصد ہے بنگال کو ماڈل ریاست بنانا ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہر سال ہمارے فنڈ میں کٹوتی کررہی ہے اس کے باوجود ہم ترقیاتی کاموں کو روک نہیں رہے ہیں ۔گزشتہ پانچ سالوں میں ہم نے اپنی آمدنی میں20000کروڑ سے 40000کروڑ تک بڑھا دیا ہے ۔مگر سابقہ حکومت کے دور میں لیے گئے قرض کا سود ہمیں چکانا پڑرہا ہے ۔اس کی وجہ سے ہمیں مالی بحران کا سامنا ہے ۔مگر ہم ترقیاتی کام کررہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں تین نئے اضلاع آسنسول، کالمپونگ اور جھاڑگرام کی تشکیل کیلئے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کررہی ہے ۔امید ہے کہ اگلے سال تک یہ کارروائی مکمل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ماؤنوازوں پر قابو پانا اور جنگل محل جیسے علاقے میں امن و امان کا قیام ہے ۔پانچ سال قبل جھاڑ گرام کے لوگ خوف و دہشت میں رہتے تھے ۔مگر آج ان کے چہروں پرخوشیاں اور وہ لوگ قومی دھارے میں شامل ہوچک ہیں ۔میں پوری زندگی جنگل محل میں امن کے قیام کو نہیں بھول پاؤں گی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے کیلئے کام کرنا ان کی ذمہ داری ہے بنگال کے سرکاری اسپتالوں میں علاج و معالجہ مفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورننس کے معاملے میں گھٹیا سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ترنمول کانگریس کی تشکیل عوام کی خدمت کیلئے کی گئی تھی ۔میری دلی تمناہے کہ میں پوری زندگی عوام کیلئے کام کروں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں اس وقت سیاسی عدم برداشت و رواداری کا ماحول ہے مگر بنگال میں فرقہ پرستی کی سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔یہاں فرقہ وارانہ تشدد برداشت نہیں کیا جاتا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سبوج ساتھی اسکیم کے تحت دسویں جماعت کے طلباء کے درمیان43,000 سائیکل تقسیم کیا ۔لال گڑھ میں نرسنگ ٹریننگ کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ۔اس کے علاوہ سرکاری عمارتوں ، سڑک پروجیکٹ ، مارکیٹنگ ہب جیسی اسکیموں کا افتتاح کیا گیا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مدنی پور ہیومیو پیتھ میڈیکل کالج و اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا ۔کنیا شری، گیتانجلی جیسی اسکیموں کے تحت بھی فنڈ تقسیم کیا گیا۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir